سی ڈی اے ملازمین کی میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، بچوں کے لیے سکالرشپ سمیت دیگر مراعات میں اضافہ

سی ڈی اے مزدور یونین کے مطالبے پر سی ڈی اے ملازمین کو ملنے والی مراعات میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، بچوں کے لیے سکالرشپ سمیت دیگر مراعات میں اضافہ کر دیا گیا۔

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):سی ڈی اے مزدور یونین کے مطالبے پر سی ڈی اے ملازمین کو ملنے والی مراعات میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، بچوں کے لیے سکالرشپ سمیت دیگر مراعات میں اضافہ کر دیا گیا۔اتوار کو سی ڈی اے مزدور یونین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری و ممبر سٹاف ویلفیئر کمیٹی چوہدری محمد یٰسین نے سی ڈی اے بورڈ اور سٹاف ویلفیئر کمیٹی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بطور نمائندہ ورکرز سٹاف ویلفیئر کمیٹی کی میٹنگ میں ملازمین کو ملنے والی مراعات میں اضافے کا مطالبہ کیا جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ جس میں میرج گرانٹ کو دو لاکھ سے بڑھا کرچھ لاکھ، ڈیتھ گرانٹ میں ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے تک اضافہ، بچوں کے سکالرشپ میں 40 ہزار سے 80 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ملازمین کی سہولت کے لیے ایک کروڑ سے زائد رقم کی نئی کفن کیرئیر بھی خریدی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سینٹر اور شادی ہال کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ ان تمام فیصلوں پر فوری عمل درآمد ہوگا۔ سی ڈی اے مزدور یونین کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کی مراعات و سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے اور ان فیصلوں سے یقینی طور پر ملازمین کو بھرپور فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے بھی جدوجہد جاری ہے اور امید ہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور اس کے علاوہ دیگر درپیش مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔