صدر مملکت آصف علی زرداری نےریاست فلسطین کےاعلانِ آزادی کی 38 ویں سالگرہ پر فلسطین کے صدر محمود عباس اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے جائز حقوق بالخصوص حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے
صدر مملکت کا اعلان آزادی کی سالگرہ پر فلسطینی ریاست کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ریاست فلسطین کے اعلانِ آزادی کی 38 ویں سالگرہ پر فلسطین کے صدر محمود عباس اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے جائز حقوق بالخصوص حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔صدر مملکت نے فلسطینی صدر محمود عباس کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد، یکجہتی اور مشترکہ امنگوں پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید تقویت دینے کے لیے نہایت پرعزم ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد، خود مختار، قابل عمل اور ملحقہ ریاست فلسطین جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لیے پاکستان کی پختہ اور اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو مسلسل درپیش مصائب کے تناظر میں ان کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے پائیدار امن، آزادی اور وقار کے لیے ان کی امنگوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔







