حرمین شریفین کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان و عقیدے کا معاملہ اور ہماری سرخ لکیر ہے، طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان و عقیدے کا معاملہ اور ہماری سرخ لکیر ہے۔

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان و عقیدے کا معاملہ اور ہماری سرخ لکیر ہے۔ اتوار کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی دفاعی افواج کی مستعدی اور حملوں کو ناکام بنانے کی کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں میں دو بیلسٹک میزائل، تین کروز میزائل اور چار ڈرون کے ذریعے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی کوششیں انتہائی تشویش ناک ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان و عقیدے کا معاملہ اور ہماری سرخ لکیر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان، پاکستانی عوام، مسلم علماء و مشائخ اور مسلم حکومتیں حوثیوں کو ایک دہشت گرد اور باغی تنظیم سمجھتی ہیں، جو یمن کی حکومت و عوام اور سعودی عرب کے خلاف حملہ آور ہے۔ حوثی دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے عالمِ اسلام اور عالمی برادری کو ہر ممکن مؤثر قدم اٹھانا ہوگا۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب اور یمن کے بے گناہ عوام کے تحفظ اور حملوں کی روک تھام کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔پاکستان کے علماء اور عوام دفاعِ حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کے لیے سعودی قیادت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔