فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ سے چیئرمین ترکمانستان چیمبر آف کامرس گرودو میرگن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، باہمی تجارت کے فروغ اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع سے …
ایف پی سی سی آئی اور ترکمانستان چیمبر آف کامرس کے سربراہاں کی ملاقات ، دونوں چیمبرز کے درمیان تعاون بڑھانے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ سے چیئرمین ترکمانستان چیمبر آف کامرس گرودو میرگن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، باہمی تجارت کے فروغ اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اور ترکمانستان چیمبر آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری فورمز کے انعقاد اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان توانائی، متبادل توانائی، ٹیکسٹائل، زراعت اور ادویات سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے فروغ کے لیے محض روایتی روابط پر انحصار کرنے کے بجائے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلے سے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے جبکہ کاروباری معلومات اور تجارتی اعدادوشمار کے تبادلے سے نئی منڈیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان اور ترکمانستان کی کاروباری برادری کو مشترکہ منصوبوں کے قیام کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ آئی ٹی، ڈیجیٹل ذرائع، حلال خوراک اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک ترکمانستان تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ ایف پی سی سی آئی ترکمانستان کی کاروباری برادری کو پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں سے منسلک کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو سکے۔چیئرمین ترکمانستان چیمبر آف کامرس گرودو میرگن نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
ترکمانستان پاکستان کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو ہر سطح پر نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان اپنے تاریخی دوستانہ تعلقات کو باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حالیہ عرصے میں متعدد اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی موجود تھے۔





