یمن میں جاری جھڑپوں کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے تقریباً دو تہائی افراد کا تعلق صوبہ تعز سے ہے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ تشدد میں اضافے اور آمدورفت کے اہم راستوں پر پابندیوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔
یمن میں بے گھر افراد کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی، اقوام متحدہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔17نومبر (اے پی پی):یمن میں جاری جھڑپوں کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے تقریباً دو تہائی افراد کا تعلق صوبہ تعز سے ہے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ تشدد میں اضافے اور آمدورفت کے اہم راستوں پر پابندیوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔
شِنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے بتایا کہ اگست کے آغاز سے اب تک شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے 300 سے زائد واقعات کی تصدیق کی گئی ہے، جن میں 70 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں تقریباً نصف تعداد بچوں کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق تصدیق شدہ اعدادوشمار اصل جانی نقصان سے کہیں کم ہو سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے مطابق بے گھر ہونے والے افراد میں سے دو تہائی کا تعلق صوبہ تعز سے ہے۔ اہم نقل و حمل کے راستوں پر پابندیوں سے متاثرہ علاقوں تک امداد کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوچا) کے مطابق مشکلات کے باوجود اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد بے گھر افراد کو ہنگامی امداد فراہم کی جا چکی ہے جبکہ 2 لاکھ 2 ہزار سے زیادہ افراد کو نقد مالی معاونت دی گئی ہے۔اوسی ایچ اے نے بتایا کہ تعز شہر میں صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ حکومتی اندازوں کے مطابق پانچ اضلاع میں آمدورفت اور رسائی پر پابندیوں سے تقریباً 13 لاکھ افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
اکتوبر کے آغاز سے شہر میں کھانا پکانے کی گیس کی ترسیل بھی مبینہ طور پر روک دی گئی ہے جبکہ ایندھن، خوراک اور پانی کی قلت بھی بڑھ رہی ہے۔اقوام متحدہ نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں، پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشی افراد کی حفاظت یقینی بنائیں اور متاثرہ آبادی تک محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی ممکن بنائیں۔







