وفاقی وزیر حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے کے آپریشنل امور پر اجلاس، مسافروں کو بہتر سہولیات اور ٹرینوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کی ہدایت

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کے آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کے آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں جاری ٹرین آپریشنز، ریلوے سٹیشنوں اور دوران سفر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، مال بردار (فریٹ) ٹرانسپورٹ کی استعداد کار، ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت اور محکمے کی مجموعی آپریشنل کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران مسافر ٹرینوں کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد اور فریٹ سروسز کے ذریعے ریونیو میں اضافے کے مختلف پہلوئوں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے متعلقہ حکام کو آپریشنل نظام میں مزید بہتری لانے، تمام امور کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے اور مسافروں کو آرام دہ و محفوظ سفر کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹرینوں کی آمد و رفت میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی سہولت کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔