جامعہ تربت میں چار روزہ’’ کیچ اکیڈمک گالا 2026‘‘کا افتتاح

وائس چانسلرجامعہ تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے علم، تحقیق، تخلیق،ٹیکنالوجی،تفریح اور جدت پر مبنی چار روزہ’’ کیچ اکیڈمک گالا 2026‘‘کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔اس پروقارتقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملہ، طلبہ،ماہرین تعلیم، کار و با ری شخصیات اور مختلف اداروں کے سربراہان نے شرکت کی

کوئٹہ۔ 17 نومبر (اے پی پی):وائس چانسلرجامعہ تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے علم، تحقیق، تخلیق،ٹیکنالوجی،تفریح اور جدت پر مبنی چار روزہ’’ کیچ اکیڈمک گالا 2026‘‘کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

اس پروقارتقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملہ، طلبہ،ماہرین تعلیم، کار و با ری شخصیات اور مختلف اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق 20 نومبر تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں جہاں جامعہ تربت، گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج اوردیگر تعلیمی اداروں کےساتھ کاروباری شخصیات اپنےسٹالزاورپراجیکٹس کے ذریعے مختلف سرگرمیوں میں بھرپورحصہ لے رہے ہیں،وہیں طلبہ، شہریوں،والدین، اساتذہ، صحافیوں اورسول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد گالا کا دورہ کر کے ان کی بھرپور پذیرائی کررہے ہیں۔اس چا رر وزہ ایونٹ کے دوران بزنس گالا، ٹیکنالوجی وسائنس نمائش،آرٹ اینڈ انوویشن ایکسپلوریشن،اوربزنس آئیڈیا کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیےمصنوعی ذہانت بوٹ کیمپ، کیریئرکونسلنگ اورانٹرپرینیورشپ بوٹ کیمپ بھی ایونٹ کا اہم حصہ ہیں۔علاوہ ازیں، ڈرامہ، مشاعرہ، لائیو میوزک، تعلیمی مباحثے، کوئز مقابلے،پراجیکٹ نمائش اور ثقافتی پروگرامز بھی ترتیب دئیے گئے ہیں۔

افتتاح کے بعد وائس چانسلر نے معزز مہمانوں کے ہمراہ مختلف اسٹالز اور نمائشوں کا دورہ کیا اورطلبہ کے تخلیقی کام کی پذیرائی کی۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2026-30 کےتحت اس گالا کے دوران طلبہ کی جامع شخصیت سازی، ان میں کاروباری و تخلیقی سوچ اور قیادت کی صلا حیتوں کو اجاگر کرنے پرخصوصی توجہ دی جائےگی۔انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مختلف ایونٹس کے فوکل پرسنز، منتظمین،فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے، طلبہ، رضاکاروں، میڈیا اور سول سوسائٹی کے علاوہ بلوچستان بیوریج اینڈ بوٹلرز کے سی ای او شیر جان قدیر سمیت تمام معاونین اورشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر معزز مہمانوں اور شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گالا خطے کے تعلیمی اداروں، صنعت کاروں اور نوجوا نوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی بہترین کاوش ہے، جو سماجی ہم آہنگی، باہمی رواداری اور تعلیمی بیداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔