عالمی وبائوں ،متعدی امراض کے پھیلائو کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کیلئے مربوط ون ہیلتھ نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے، احسن اقبال کی ون ہیلتھ منصوبے سے متعلق اجلاس میں گفتگو
عالمی وبائوں ،متعدی امراض کے پھیلائو کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کیلئے مربوط ون ہیلتھ نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے، احسن اقبال کی ون ہیلتھ منصوبے سے متعلق اجلاس میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے عالمی وبائوں ، متعدی امراض کے پھیلائو کی روک تھام، عوامی صحت کے تحفظ اور ان کے معاشی نقصانات سے بچا ئو کیلئے انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی صحت پر مشتمل مربوط ون ہیلتھ نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ، بیماریوں کی موثر نگرانی، بروقت تشخیص اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون کے ذریعے پاکستان کی وبائی امراض سے نمٹنے کی استعداد کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے پروفیسر طارق محمود علی اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کی جانب سے ون ہیلتھ منصوبے کی پیش رفت، کامیابیوں اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے دوران کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں تقریبا 60 فیصد متعدی امراض جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں جس کے پیش نظر انسانی صحت، حیوانی صحت اور ماحولیات کے شعبوں کے درمیان مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ پاکستان نے عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق چھ امراض کو ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیا ہے جن میں ریبیز، کریمین کانگو ہیمرجک فیور اور انفلوئنزا شامل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ون ہیلتھ منصوبہ 2022ء میں تجویز کیا گیا، 2024ء میں منظور ہوا جبکہ اس پر عملی کام 2025ء میں شروع کیا گیا۔
منصوبے کی اب تک 25 فیصد طے شدہ سرگرمیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس منصوبے کا ایک اہم سنگ میل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے جنوبی ایشیا کا پہلا ون ہیلتھ نصاب تیار کرنا ہے جس میں انسانی صحت، مویشیوں، مذبح خانوں کے عملے اور مقامی آبادی کی آگاہی و تربیت کو شامل کیا گیا ہے۔بریفنگ میں بیماریوں کی نگرانی کے لیے مربوط ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی تیاری سے بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد امراض کے پھیلا ئوکی فوری اطلاع اور بروقت ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔ اس نظام کے تحت بیماریوں سے متعلق انتباہات چند منٹوں میں متعلقہ حکام تک پہنچائے جا سکیں گے جس سے ممکنہ وبائوں کی روک تھام اور ہنگامی اقدامات میں مدد ملے گی۔ون ہیلتھ نظام کی معاشی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ اس مربوط حکمت عملی کے ذریعے عالمی سطح پر 30 ارب ڈالر تک کے معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ صحت کے اخراجات میں 35 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ بریفنگ کے مطابق پاکستان میں جنوری 2024ء سے مارچ 2025ء کے دوران کتوں کے کاٹنے کے 9 لاکھ 62 ہزار 575 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح مچھلیوں کی افزائش میں اینٹی بائیوٹکس کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے باعث پاکستان کی مچھلی کی 45 فیصد برآمدات مسترد ہوئیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے خوراک کے تحفظ کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق سخت کوالٹی کنٹرول، مسلسل نگرانی اور خودکار معائنہ کے موثر نظام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ برآمدات کو بھی عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔انہوں نے انسانی صحت، ویٹرنری اور ماحولیاتی اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو موثر بنانے کے لیے مشترکہ سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی تجویز کی توثیق کی۔ انہوں نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں ون ہیلتھ سینٹر آف ایکسیلنس قائم کرنے کی بھی حمایت کی جس کا مقصد طویل مدتی تحقیق کو فروغ دینا، وبائی امراض سے نمٹنے کی قومی تیاری بہتر بنانا اور متعلقہ اداروں کی تکنیکی و انتظامی استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے مجوزہ طریقہ کار کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں مزید ضروری کارروائی کے لیے باضابطہ مسودہ خط تیار کرکے جمع کرایا جائے۔







