گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت غیر ملکی مالی معاونت سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس
گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت غیر ملکی مالی معاونت سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 18 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت غیر ملکی مالی معاونت سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی عثمان سیف اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، جرمن ترقیاتی بینک سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مکمل ہونے والے، زیرِ تکمیل اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں غیر ملکی مالی معاونت سے مجموعی طور پر 58 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن میں 11 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 34 زیرِ تکمیل جبکہ 13 نئے منصوبے شامل ہیں۔
ان منصوبوں میں صحت، تعلیم، خزانہ، آبپاشی، زراعت، پن بجلی اور سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں کے منصوبے شامل ہیں۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے سیاحتی مقام کمراٹ تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 300 میگاواٹ بالاکوٹ پن بجلی منصوبے سمیت تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ گورنر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے، جبکہ سیاحت کے فروغ، صاف توانائی کی پیداوار اور سیاحتی مقامات تک رسائی کے لیے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں اور فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔








