صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ان کے والد سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے
صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ان کے والد راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر اظہار تعزیت

مزید خبریں
مظفر آباد ۔18نومبر (اے پی پی):صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ان کے والد سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے اور گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف ، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزرا کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ بابر علی ذولقرنین سے ملاقات کی۔ملاقات میں مرحوم راجہ ذوالقرنین خان کی آزاد کشمیر کی سیاسی، جمہوری اور عوامی ترقی کے لیے کی جانے والی گراں قدر خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ملاقات میں کہا گیا کہ راجہ ذوالقرنین خان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور کشمیری عوام کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ملاقات میں صدر آزادکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزرا احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سینیٹر پرویز رشید، سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر افسران موجود تھے۔







