وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں تھر کول مائننگ کو ڈیزل سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد لغاری کی قیادت میں تھر کول مائننگ کو ڈیزل سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں تھر کول مائننگ کو ڈیزل سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے پاکستان کو سالانہ 25 سے 30 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق منصوبے کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا گیا ہے اور کنٹریکٹر نے کام شروع کر دیا ہے جس کی تکمیل کی مدت کو 2028 کے آخر کے مقررہ ہدف سے تقریباً آٹھ سے 9ماہ پہلے لا کر 2028 کی پہلی سہ ماہی (اپریل 2028 تک) مقرر کر دیا گیا ہے۔
اس اہم پیشرفت سے متعلق وفاقی وزیر برائے توانائی کی زیرِ صدارت تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کی الیکٹریفیکیشن کے جائزہ اجلاس میں آگاہ کیا گیا جس میں تھر کول اینڈ انرجی بورڈ (ٹی سی ای بی)، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی)، سائنو سندھ ریسورسز لمیٹڈ (ایس ایس آر ایل)، پاور ڈویژن اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے اس منصوبے کو منصوبہ بندی کے مراحل سے نکال کر عملی نفاذ میں داخل کر دیا ہے جس کے تحت اسلام کوٹ گرڈ سٹیشن سے 132 کے وی ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کے ذریعے دونوں بلاکس کے مائننگ آپریشنز کو قومی گرڈ سے منسلک کیا جائے گا اور کان کنی کی سائٹس کو تقریباً 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کی جلد تکمیل کا مطلب ہے کہ قومی بچت کا عمل بھی جلد شروع ہو جائے گا۔
اس اقدام کے معاشی ثمرات براہِ راست اور واضح ہیں۔ روزانہ تقریباً 25 ملین روپے مالیت کے ڈیزل کی بچت متوقع ہے جبکہ کوئلے کی پیداواری لاگت اور نتیجتاً کوئلے کے ٹیرف میں تقریباً 0.70 ڈالر فی ٹن کمی آئے گی جس سے بجلی کی خریداری کی مجموعی لاگت کم ہوگی۔ کان کنی کے آپریشنز کے لئے ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی موجودہ لاگت تقریباً 33 سینٹ فی کلو واٹ آور ہے جو گرڈ سے منسلک ہونے کے بعد کم ہو کر محض 13 سینٹ رہ جائے گی اور یہ تقریبا 60 فیصد سے زائد کمی ہے۔ اس وقت کان کنی کے عمل میں روزانہ 2 لاکھ سے اڑھائی لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہو رہا ہے جس میں صرف پانی کے اخراج (ڈی واٹرنگ) کے لئے تقریباً 35 ہزار لیٹر ڈیزل صرف ہوتا ہے تاہم اب اس بڑے حصے کی جگہ سستی مقامی بجلی استعمال ہوگی۔ یہ اصلاحات ایک صاف اور ماحول دوست مستقبل کی بھی ضامن ہیں جن کے نتیجے میں سالانہ تقریباً 80,000 ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے اور ڈیزل سے چلنے والی مائننگ گاڑیوں کو بتدریج الیکٹرک سسٹم پر منتقل کیا جائے گا جو طویل مدتی ڈی کاربنائزیشن کے اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔
اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر ٹی سی ای بی نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں بلاکس الیکٹرک گاڑیوں کی شمولیت کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، بلاک ون رواں سال کے آخر تک تقریباً 40 ای وی ٹرک شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ بلاک ٹو 2028 میں گرڈ کنیکٹویٹی کی تکمیل کے ساتھ ہی الیکٹرک گاڑیوں کا آغاز کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔تھر کول پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ایک کلیدی جزو اور پاکستان کی توانائی کے تحفظ کے لئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے اور مائننگ آپریشنز میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ درآمدی ڈیزل میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور مقامی کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت گھٹانے کے ذریعے پاور ڈویژن اس قومی وسیلے کو عوام کے لئے سستی اور پائیدار بجلی میں تبدیل کر رہا ہے۔








