سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روانڈا کی ہائی کمشنر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے ملاقات کی جس میں پاکستان روانڈا دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے ملاقات کی جس میں پاکستان روانڈا دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا کے مابین پارلیمانی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،افریقی ممالک بالخصوص روانڈا کے ساتھ پارلیمانی روابط کو بڑھانےکی ضرورت ہے،روانڈا میں قیام امن کے لئے پاکستانی فوجی جوانوں کی قربانیاں پاکستان کے لئے باعثِ فخر ہیں

دونوں ممالک کے درمیان زراعت، صنعت سازی اور تعمیرات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں،پاکستان اور روانڈا کے درمیان آلاتِ جراحی کی برآمدات سمیت باہمی تجارت کو مزید فروغ دینا ضروری ہے،خواتین کی پارلیمانی شمولیت کو مؤثر بنانے کے لئے پاکستان اور روانڈا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں،قومی اسمبلی میں سپیشل کمیٹی برائے جینڈر مین سٹریمینگ اور ویمنز پارلیمنٹری کاکس خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں،روانڈا کے نیشنل یونٹی اں نڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لئے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ روانڈا کی ہائی کمشنر نے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں