آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی پنجاب گورنمنٹ ریکوری کمیٹی کے ارکان نے محسن سیال کی سربراہی میں بدھ کے روز یہاں دفتر ڈی جی پی آر میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب شیخ فرید احمد سے ملاقات کی
اے پی این ایس کی ریکوری کمیٹی کے وفد کی ڈی جی پی آر سے ملاقات، اخبارات کے واجبات کی ادائیگی و مسائل پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
لاہور۔18نومبر (اے پی پی):آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی پنجاب گورنمنٹ ریکوری کمیٹی کے ارکان نے محسن سیال کی سربراہی میں بدھ کے روز یہاں دفتر ڈی جی پی آر میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب شیخ فرید احمد سے ملاقات کی۔ملاقات میں اخبارات کو درپیش مسائل، سرکاری اشتہارات کے واجبات کی بروقت ادائیگی سمیت پرنٹ میڈیا سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد نے وفد کو بتایا کہ اخبارات کے زیرِ التوا بلوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ تمام اخبارات کے واجبات کی بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ اخبارات کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دفتر ڈی جی پی آر میڈیا انڈسٹری کی ترقی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا،علاقائی اور مقامی اخبارات کی سرپرستی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ علاقائی صحافت کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور اس کے فروغ میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
شیخ فرید احمد نے کہا کہ ایک باخبر معاشرے کی تشکیل میں اخبارات کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اخبارات نہ صرف جمہوری اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ عوام کو حکومتی کارکردگی، پالیسیوں اور ترقیاتی اقدامات سے بھی مسلسل آگاہ رکھتے ہیں۔بعد ازاں اے پی این ایس کے وفد نے دفتر ڈی جی پی آر کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی نئی عمارت کا دورہ کیا اور جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔وفد نے وزیر اطلاعات عظمی بخاری اور ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی جدید ترین عمارت کی بروقت تکمیل کو قابلِ تحسین قرار دیا۔وفد نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال کے ذریعے حکومت پنجاب کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، ترقیاتی اقدامات اور حکومتی سرگرمیوں سے عوام کو مسلسل باخبر رکھنے کے لیے محکمہ اطلاعات کی کوششوں کو بھی سراہا۔







