پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لئے سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور انکم ٹیکس کے انتظامی امور میں بہتر رابطہ کاری اور ون ونڈو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہ
سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے امور میں بہتر رابطہ کاری سے ٹیکس دہندگان کو سہولت اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مدد ملے گی، سلیم مکاتی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لئے سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور انکم ٹیکس کے انتظامی امور میں بہتر رابطہ کاری اور ون ونڈو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم مکاتی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری، محصولات میں اضافے اور انتظامی کارکردگی مؤثر بنانے کے لئے حکومتی اقدامات خوش آئند ہیں تاہم ان کے ساتھ کاروباری برادری کے لئے آسان، شفاف اور مربوط طریقہ کار کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو اپنے معاملات کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے انتظامی امور میں ذمہ داریوں کی واضح تقسیم کے ساتھ دونوں شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے، اس مقصد کے لئے ایسا مربوط نظام وضع کیا جانا چاہئے جس کے تحت تاجروں کو مختلف ٹیکس معاملات کے حل کے لئے متعدد دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور زیادہ تر امور ون ونڈو سہولت کے ذریعے نمٹائے جا سکیں۔سلیم مکاتی نے کہا کہ کاروباری طبقہ پہلے ہی بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، مالی ضروریات اور کاروباری تقاضوں سے نبرد آزما ہونے کے باوجود قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لئے ٹیکس انتظامی نظام کو مزید سہل اور کاروبار دوست بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،اس سے نہ صرف موجودہ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ مزید کاروباری اداروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی ترغیب ملے گی۔
انہوں نے تجویز دی کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز سے متعلقہ شعبوں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور باہمی رابطے کا مؤثر نظام قائم کیا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کو یکساں رہنمائی فراہم کرنے، دستاویزی کارروائی آسان بنانے اور ریفنڈز، آڈٹ سمیت دیگر ٹیکس معاملات کو بروقت نمٹانے میں مدد مل سکے۔ ان کے مطابق ٹیکس امور میں بہتر انتظامی ہم آہنگی سے نہ صرف کاروباری برادری کو سہولت ملے گی بلکہ ٹیکس نظام کی مجموعی کارکردگی اور محصولات میں اضافے کے امکانات بھی بہتر ہوں گے۔







