نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے افکار، نظریات اور پیغام سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار، نظریات اورپیغام سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار، نظریات اورپیغام سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ اردو زبان و ادبیات کے زیر اہتمام یوم ِ اقبال کی مناسبت سے الرازی ہال میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، سینیٹرولیداقبال،پرووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمود سلیم،رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر امجد عباس خان مگسی،ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسرڈاکٹر محمد کامران،ڈائریکٹرادارہ اردو زبان و ادبیات پروفیسرڈاکٹربصیرہ عنبرین،ممتاز اقبال شناس ڈاکٹر وحید الزمان طارق،ڈاکٹر نجیب جمال،فیکلٹیوں کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، انتظامی افسران اور طلباطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں راجا پرویز اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات نوجوانوں میں خود اعتمادی، بلند حوصلے، محنت اور قومی خدمت کا جذبہ بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ان کے مطابق نوجوانوں کو اقبال کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے تین نوبل انعام یافتہ شخصیات پیدا کی ہیں، مگرہمارے لئے علامہ اقبال کاپنجاب یونیورسٹی سے تعلق ہونا زیادہ بڑا اعزاز ہے۔علامہ اقبال کا تعلق اس خطے سے ہونا اللہ تعالی کا احسان ہے۔بطور وائس چانسلر سمجھتا ہوں کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے علامہ اقبال کے فلسفے کی پیروی کی جانی چاہیے جس کی بنیاد عشق رسول ۖ پر ہے۔علامہ اقبال کے نظریات ہی تھے جن کی بدولت قائداعظم محمد علی جناح قائل ہوئے اور پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں نوجوانوں میں اقبال شناسی کے فروغ کیلئے پورا سال تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 9 نومبر2027 کوعلامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مرکزی تقریب کا انعقاد علامہ اقبال کیمپس میں ہوگا۔علامہ اقبال کی شاعری میں مسلمانوں اور نوجوانوں کیلئے جو پیغام ہے اسے عام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہ بہترین تقریب کے انعقاد پرمنتظمین کی تعریف کی۔ولید اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال نوجوانوں کے ساتھ ساتھ درد مندوں اور ضعیفوں سے محبت کی بات کرتے تھے۔علامہ اقبال کے پہلے کلام میں پیغام دیا گیا ہے کہ زندگی کا کوئی مقصد ہونا چاہیے جسے حاصل کرنے کیلئے جذبہ عشق ضروری ہے۔علامہ اقبال کا خودی کا تصور انفرادی و اجتماعی سطح پر لاگو ہوتاہے اور عورت کوتمدن کی جڑسمجھتے تھے،جس کی تعلیم سے معاشر ے کی ترقی ممکن ہے۔ولید اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال کے کلام میں عشق رسول ۖ سرفہرست ہے۔

علامہ اقبال کے نظریات کے مطابق اعلی تعلیم میں اعلی کارکردگی سے ہی منزل مل سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال سمیت ان کی فیملی کے چار روں افراد کے پاس پنجاب یونیورسٹی کی ڈگریاں ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ شعبہ اردونے ہمیشہ ہی فکر اقبال کو فروغ دینے میں بھرپورکردار ادا کیا ہے،نوجوانوں ملک کا سرمایہ ہیں اور علامہ اقبال کی شاعری کا مرکز بھی نوجوان ہی ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ علامہ اقبال ماضی اور حال کو مستقبل سے جوڑتے ہیں۔علامہ اقبال کے کلا م سے ملنے والے علم و آگہی پوری دنیا کے لوگوں کے لئے ہے۔پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کہا کہ مجلس کے انعقاد کامقصد نوجوانوں میں علامہ اقبال کے فلسفہ عشق،خودی اوربیداری کی اہمیت کواجاگر کرنا ہے۔علامہ اقبال کا پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج سے منسلک رہنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان کو درپیش مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے علامہ اقبال کے علم و ہنر کی تقلید کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے پنجاب یونیورسٹی میں پورا سال تقریبات کے اعلان پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ تقریب سے ڈاکٹر وحید الزمان طارق اور ڈاکٹر نجیب جمال نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر کلام اقبال بھی پیش کیا گیا۔

 

مزید خبریں