گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ، بلدیات، مواصلات و تعمیرات، ہاؤسنگ، زراعت اور لائیو سٹاک آصف رفیق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے گرین رکشہ سکیم متعارف کرا رہی ہے
خیبر پختونخوا میں ماحول دوست گرین رکشہ سکیم کے تحت عوام کو چار سالہ آسان اقساط پر رکشے فراہم کئے جائیں گے،آصف رفیق

مزید خبریں
پشاور۔ 18 نومبر (اے پی ):گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ، بلدیات، مواصلات و تعمیرات، ہاؤسنگ، زراعت اور لائیو سٹاک آصف رفیق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے گرین رکشہ سکیم متعارف کرا رہی ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو چار سالہ آسان اقساط پر رکشے فراہم کیے جائیں گےجبکہ اس منصوبے کے تحت حکومت 50 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی،اس سکیم کا بنیادی مقصد عام شہریوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پشاور میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔آصف رفیق نے پشاور ماس ٹرانزٹ بس سروس کے حکام کو ہدایت کی کہ ادارے کے انتظامی و آپریشنل اخراجات کو کم سے کم کرنے اور آمدن میں اضافے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ بس سروس اپنی آمدن بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور سالانہ ریونیو کو 2 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اس کے حصول کے لیے قابلِ عمل منصوبہ بندی کی جائے۔
مشیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ سرکاری اداروں کی مالی خود انحصاری اور کارکردگی میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اپنے وسائل کے مؤثر استعمال، اخراجات میں کمی اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ محکمے میں کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں ٹریفک جام اور رش کے مسائل پر قابو پانے کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔آصف رفیق نے کہا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید، شفاف، ماحول دوست اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر خان، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا اربن موبلٹی اتھارٹی محمد افتخار، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ محمد عمر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ماس ٹرانزٹ بس سروس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔








