محکمہ لائیو سٹاک نے مویشیوں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے غلط استعمال کے خلاف آگاہی مہم شروع کر دی

محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے مویشیوں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے غلط استعمال کے خلاف آگاہی مہم شروع کر دی ہے

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے مویشیوں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے غلط استعمال کے خلاف آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔ محکمے کے مطابق ان ادویات کے بے جا استعمال سے جراثیم میں مزاحمت پیدا ہو جاتی ہے جس کے باعث عام انفیکشن کا علاج بھی مشکل ہو سکتا ہے جبکہ دودھ اور گوشت میں ادویات کی باقیات انسانی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ جانوروں کی بیماریوں، علاج کے اخراجات اور پیداوار میں کمی سے مویشی پال حضرات کو مالی نقصان کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔

محکمے نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ ویٹرنری ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹک استعمال نہ کریں، وائرل بیماریوں میں یہ ادویات نہ دیں، ایک جانور کی بچی ہوئی دوا دوسرے کو نہ پلائیں، علاج کا مکمل کورس پورا کریں اور دودھ و گوشت کیلئے وِدڈرال پیریڈ کی پابندی کریں۔ محکمے کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹک ہر بیماری کا علاج نہیں اور ان کا محتاط و ذمہ دارانہ استعمال ہی انسانوں اور جانوروں کی صحت کا تحفظ کر سکتا ہے۔ شکایات اور رہنمائی کیلئے 24/7 ہیلپ لائن 08000۔9211 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔