مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کے جائیں گے، قمرالزمان

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے کہا ہے کہ مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے کہا ہے کہ مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔

ا ن خیالات کا اظہارانہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 359ویں دو روزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں بورڈ ممبران،سابق ایم پی اے اختیار ولی خان، ایڈووکیٹ علی رضا ، سردار تارا سنگھ ،ڈاکٹر سویرہ پرکاش، اجے کمار، اظہار الحسن، کرشن شرما، بریگیڈیئر خالد صدیق (ر)، ڈاکٹر ممپال سنگھ، سردار سرجیت سنگھ کنول، مس منمیت کور مشال، سردار اندر جیت سنگھ، میثاق عارف، مس لیلا کلپنا اور ستونت کور سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اجلاس کے آخری روز بورڈ ممبران نے13 اہم ایجنڈا آئٹمز پر غور و خوض کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے ہندو اور سکھ مذہبی املاک کی بحالی و تزئین و آرائش، اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس، جیو ٹیگنگ اور ادارے کے مالیاتی و انتظامی اموربورڈ کے سامنے پیش کیے ۔گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ پشاور کی101.231 ملین روپے کی لاگت سے جاری بحالی و تعمیرِ نو کے منصوبے پر بورڈ ممبران کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے قریب سکھ یاتریوں کے لیے جدید رہائشی سہولیات کی تعمیر کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں ٹرسٹ پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرنے کے لیے سروے آف پاکستان کی مدت میں31 دسمبر 2027 تک توسیع کی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ200 ہندو اور سکھ طلبہ کو ماہانہ اسکالرشپس کی ادائیگی کے معاملے پر بھی بحث کی گئی۔اجلاس میں مالی سال 2025-26 اور2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی توثیق، فکسڈ ڈپازٹس اور ماہانہ ورکنگ بیلنس350 ملین روپے سے بڑھا کر500 ملین روپے کرنے کے ایجنڈے زیر بحث آئے ۔بورڈ کی ٹرسٹ پراپرٹیز کے بہتر استعمال،انہیں منافع بخش بنانے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کو محکمانہ سطح پر تیار کرنے کی تجاویز بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ رہیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ادارے کے مالیاتی و انتظامی معاملات میں بہتری،مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔