گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت صوبائی انسپکشن ٹیم سے متعلق اجلاس کا انعقاد

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں بدھ کے روز صوبائی انسپکشن ٹیم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا

پشاور۔ 18 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں بدھ کے روز صوبائی انسپکشن ٹیم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں چیئرمین صوبائی انسپکشن ٹیم خیام حسن خان اور ٹیم کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو صوبائی انسپکشن ٹیم کی افرادی قوت، بجٹ، فرائض، انکوائری کے طریقہ کار، مجموعی کارکردگی اور درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال مجموعی طور پر 105 انکوائریز شروع کی گئیں، جن میں سے 45 انکوائریز مکمل کر لی گئی ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے صوبائی انسپکشن ٹیم میں ای گورننس پالیسی کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکہ ادارے کے امور میں شفافیت اور مؤثریت لائی جا سکے۔

انہوں نے صوبائی انسپکشن ٹیم کے ایکٹ اور اختیارات کا دیگر صوبوں کے متعلقہ قوانین سے تقابلی جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ ضروری قانونی و انتظامی اصلاحات کی جا سکیں۔ صوبائی انسپکشن ٹیم کی منظور شدہ سفارشات پر تمام متعلقہ محکمے بروقت عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سرکاری وسائل کے تحفظ اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے انکوائری نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے صوبائی انسپکشن ٹیم اپنا کردار مزید فعال انداز میں ادا کرے۔