صوبائی وزیر لیبر محمد منشا اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال مانگا کو موبائل ہسپتال فراہم کر دیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری لیبر ثمن رائے اور کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل بھی موجود تھے
محنت کشوں کی صحت اور تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمد منشا اللہ بٹ

مزید خبریں
لاہور۔18نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لیبر محمد منشا اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال مانگا کو موبائل ہسپتال فراہم کر دیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری لیبر ثمن رائے اور کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل بھی موجود تھے۔موبائل ہسپتال اپنے روزانہ کے مقررہ روٹس سندر، مانگا، رائیونڈ روڈ، ملتان روڈ اور پھول نگر کے صنعتی علاقوں میں محنت کشوں کو طبی سہولیات فراہم کرے گا۔اس وقت آٹھ موبائل ہیلتھ پرووائیڈرز بائیکس کے ذریعے مختلف فیکٹریوں میں پہلے سے ہی محنت کشوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔موبائل ہسپتال کی شمولیت سے محنت کشوں کو مزید بہتر اور جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔صوبائی وزیر لیبر محمد منشا اللہ بٹ نے بتایا کہ موبائل ہسپتال میں الٹراساونڈ، ایکسرے، ای سی جی اور مختلف بنیادی طبی ٹیسٹوں کی سہولیات دستیاب ہیں۔اس سے قبل سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کو موبائل کلینک فراہم کیا گیا تھا جو وہاں محنت کشوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔صوبائی وزیر لیبر محمد منشا اللہ بٹ نے سیکرٹری لیبر ثمن رائے اور کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کے ہمراہ سوشل سکیورٹی ہسپتال مانگا کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں موجود محنت کشوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
صوبائی وزیر نے پیسی سکول آف نرسنگ کے قیام کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایم ایس ہسپتال نے ہسپتال کے انتظامی امور اور پیسی سکول آف نرسنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے نرسنگ سکول کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر لیبر محمد منشا اللہ بٹ نے ایک مقامی فیکٹری کا دورہ کیا اور وہاں موجود موبائل ہیلتھ سروسز کے فلیٹ کا معائنہ کیا۔انہوں نے فیکٹری ورکرز سے ملاقات کی اور موبائل ہیلتھ سروسز کے تحت فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے فیکٹری میں لیبر لاز اور آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کام میں مامور محنت کشوں سے کم از کم اجرت اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔صوبائی وزیر لیبر محمد منشا اللہ بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب محنت کشوں کو انکی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
سیکرٹری لیبر ثمن رائے نے کہا کہ موبائل ہیلتھ سروسز کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے اور محنت کشوں کو انکے کام کی جگہوں پر جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے کہا کہ مارچ تک موبائل ہیلتھ سروسز کا دائرہ کار پنجاب کے تمام صنعتی علاقوں تک بڑھا دیا جائے گا۔مرحلہ وار پنجاب بھر میں موبائل ہیلتھ سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔







