نمل میں سی پیک2.0 اور پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کے جناح آڈیٹوریم میں سی پیک2.0 اور پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کے جناح آڈیٹوریم میں سی پیک2.0 اور پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس میں ماہرین نے سی پیک کے اگلے مرحلے کو زیادہ عوامی ضروریات پر مرکوز نتائج پر مبنی اور جامع بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اختتامی تقریب میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی، ، ڈی جی نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے سیاحت، زبانوں کے سیکھنے، ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی روابط کو عملی ذرائع قرار دیتے ہوئے سی پیک کے حوالے سے مثبت اور باخبر بیانیے کی تشکیل کی اہمیت اجاگر کی۔ کانفرنس کی سفارشات میں سی پیک2.0 کو مزید نتائج پر مبنی بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو مقامی صلاحیتوں سے مربوط کرنے، مستند معلومات اور ڈیٹا تک رسائی بہتر بنانے، منصفانہ اور سرکلر گرین ٹرانزیشن کو یقینی بنانے، جبکہ جدت، مہارتوں اور روزگار کے مواقع میں سرمایہ کاری پر زور دیا گیا۔

سابق سفیر و اسپیشل سیکرٹری نائلہ چوہان نے سی پیک کو مواقع کی راہداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ طویل المدتی معاشی استحکام کے حصول کے لئے پاکستان کو درآمدات پر انحصار سے آگے بڑھ کر مقامی پیداوار اور مینوفیکچرنگ کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے انسانی وسائل، تکنیکی صلاحیتوں، مضبوط تعلیمی و ادارہ جاتی شراکت داری، ثقافتی تبادلوں، دوطرفہ سیاحت اور پاکستان و چین کے درمیان تحقیقی تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر سمریز سالک نے سی پیک کو پاکستان کی معیشت کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو معاشی بنیادوں پر استوار مستقبل کی جانب منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سی پیک میں چین کے سٹریٹجک مفادات ہیں تاہم پاکستان کیلئے بھی اس میں نمایاں معاشی مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فعال انداز میں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی نے کانفرنس کو کامیاب علمی سرگرمی بنانے پر منتظمین، مقررین، سیشن چیئرز اور شرکاء کو سراہا۔

انہوں نے بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کم از کم ایک غیر ملکی زبان ضرور سیکھیں کیونکہ کسی دوسرے ملک کی زبان اور ثقافت کو سمجھنا مزید مواقع کے دروازے کھولنے اور بین الاقوامی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔تقریب کے اختتام پر کانفرنس کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کرنے والے منتظمین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔