صوبائی حکومت بلوچستان کی عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کے تحت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر (زیرِ انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ اور زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی
عوام کو بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈی جی ہیلتھ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):صوبائی حکومت بلوچستان کی عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کے تحت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر (زیرِ انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ اور زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی۔ دورہ کے موقع پر ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ نے ڈی جی ہیلتھ کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے ایمرجنسی، او پی ڈی، جنرل وارڈز، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، ریڈیولوجی اور فارمیسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور طبی آلات کی فعالیت، ادویات کی دستیابی، تشخیصی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کرکے علاج معالجے اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ نے کہا کہ سرکاری اور معاون طبی اداروں میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو اپنی حاضری یقینی بنانے، پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرنے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کو بروقت علاج، ضروری ادویات اور معیاری تشخیصی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے معیار کو بھی برقرار رکھا جائے۔ اس موقع پر ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر، ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، پی پی ایچ آئی ڈسٹرکٹ منیجر ڈاکٹر منیراحمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔







