مخدوم عبدالرحمان شہید ٹرسٹ کے زیر اہتمام شاعرِ مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کی شخصیت اور فکر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

مخدوم عبدالرحمان شہید کلچرل، ایجوکیشنل اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی عظیم شخصیت اور افکار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی

لاڑکانہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):مخدوم عبدالرحمان شہید کلچرل، ایجوکیشنل اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی عظیم شخصیت اور افکار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت ٹرسٹ کے چیئرمین پیر مخدوم ندیم احمد ہاشمی نے کی۔تقریب میں پروفیسر محمد اکرم آرائیں، مخدوم آفاق علی ہاشمی، استاد خالد حسین گلال، پیر فرحان حسین سرہندی، استاد فیض محمد مہر اور قاضی پرویز احمد نے خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علامہ اقبالؒ ایک عظیم شاعر، مفکر اور فلسفی تھے، جنہوں نے اپنے افکار اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں خودداری، آزادی اور قومی شعور کا جذبہ بیدار کیا۔ ان کا پیغام خودی، خود اعتمادی، علم، عمل، اتحاد اور محنت کا پیغام ہے، جو آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری نوجوانوں کو بلند مقاصد کے تعین، حصولِ علم، اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور زندگی میں آگے بڑھنے کا درس دیتی ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ علامہ اقبالؒ کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے تعلیم اور تحقیق کے میدان میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے علامہ اقبالؒ کی شاعری اور افکار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کے مشہور اشعار پیش کرکے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں شہزیب علی، نعمت اللہ کلہوڑو سمیت الشہید کمپیوٹر سینٹر کے اساتذہ، طلبہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر علامہ اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے، علم کی روشنی عام کرنے اور نوجوان نسل کو بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔