گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی بحالی میں پیش رفت کی ہے تاہم ان کامیابیوں کو مستحکم بنانے، معیشت کو بیرونی جھٹکوں سے محفوظ رکھنے، ساختی اصلاحات متعارف کرانے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے
معاشی استحکام کے ثمرات برقرار رکھنے، برآمدات میں مسابقت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی بحالی میں پیش رفت کی ہے تاہم ان کامیابیوں کو مستحکم بنانے، معیشت کو بیرونی جھٹکوں سے محفوظ رکھنے، ساختی اصلاحات متعارف کرانے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے سالانہ عالمی تحقیقی بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل صلاح الدین، بینک کے عالمی جغرافیائی سیاسی امور کے حکمت عملی ساز اور سینئر ماہر اقتصادیات فلپ ڈوبا پینٹاناکس سمیت کارپوریٹ اور مالیاتی شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ عالمی معیشت کو درپیش جھٹکوں کی شدت اور ان کی شرح وقوع میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ترقی پذیر معیشتیں اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھائو، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں سمیت بیرونی عوامل سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط مالیاتی اور بیرونی شعبے کے تحفظاتی ذخائر، قابل اعتماد پالیسی فریم ورک اور مستحکم اداروں کے حامل ممالک ایسے جھٹکوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے اور اپنی معیشتوں کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاکستان کو مالی سال 2022ء اور 2023ء کے دوران درپیش معاشی مشکلات اور اس حوالے سے کی جانے والی پالیسی ایڈجسٹمنٹس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سٹیٹ بینک نے مشکل لیکن ضروری اقدامات کیے جن میں مانیٹری پالیسی کو سخت کرنا، مالیاتی استحکام کے لیے اقدامات اور زرمبادلہ کے اخراج کو منظم کرنے کے لیے عارضی انتظامی اقدامات شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ محتاط معاشی انتظام اور کثیرالجہتی و دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ان اقدامات نے معاشی استحکام کی بحالی اور معیشت پر اعتماد کی بحالی میں مدد فراہم کی۔جمیل احمد نے کہا کہ معاشی لچک اور استحکام کا تصور محض مالیاتی اور بیرونی شعبے کے تحفظاتی ذخائر میں اضافے تک محدود نہیں بلکہ اس کے لیے مستقل اور قابل اعتماد پالیسیاں، لچکدار منڈیاں اور ایسے مضبوط ادارے بھی ضروری ہیں جو ابھرتے ہوئے چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی بنیادی اشاریوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بیرونی معاشی دبائو سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے اور موجودہ صورتحال میں ملک کی پوزیشن روس یوکرین جنگ کے دوران پیدا ہونے والے دبائو کے مقابلے میں بہتر ہے۔
ملک کی حالیہ معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، مالی سال 2026ء کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح مقررہ ہدف کی حدود کے قریب رہی جبکہ حالیہ اضافے کے باوجود توقع ہے کہ مہنگائی بتدریج درمیانی مدت کے مقررہ ہدف کی حدود میں واپس آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ جاری کھاتے کا خسارہ مجموعی ملکی پیداوار کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے جبکہ زرمبادلہ اور مالیاتی شعبے کے تحفظاتی ذخائر میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ معاشی سرگرمیوں میں بھی بحالی کا عمل جاری ہے اور مالی سال 2026ء کے دوران حقیقی مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی جبکہ رواں مالی سال کے دوران اس میں مزید اضافے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال میں یہ مثبت پیش رفت بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی تسلیم کی جا رہی ہے۔گورنر سٹیٹ بینک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک بڑھتے ہوئے رسدی جھٹکوں کے مقابلے میں ملکی معیشت کی استعداد کار اور لچک کو مضبوط بنانے کے ساتھ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے اور کاروباری و مالیاتی اداروں کو ملکی معاشی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بار بار آنے والے معاشی عروج و زوال کے چکر سے نکالنے کے لیے برآمدات میں اضافہ، ملکی بچتوں اور سرمایہ کاری کا فروغ اور مالیاتی منڈیوں کو مزید گہرا اور مستحکم بنانا ضروری ہے۔







