نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے درپیش عالمی چیلنجز کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کی بدولت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے
حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کی بدولت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے درپیش عالمی چیلنجز کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کی بدولت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، 3 اپریل 2026ء کو ایران-امریکہ تنازعہ کے دوران پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، اب 133 روپے کی کمی سے پٹرول کی قیمت 325 روپے فی لیٹر اور 162 روپے کی کمی کے ساتھ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر کی سطح پر آ گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 3 اپریل 2026ء کو ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعہ کے دوران اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں جس کے نتیجے میں پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی جانب سے کئے گئے بروقت اور موثر اقدامات جن میں پٹرولیم پالیسی میں تبدیلیاں، ساختی اصلاحات اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھائو کے مطابق ایڈجسٹمنٹ شامل ہیں، کے نتیجے میں 18 نومبر کو پٹرول کی قیمت کم ہو کر 325 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔اس طرح پٹرول کی قیمت میں 133 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 162 روپے فی لیٹر کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ مذکورہ قیمتوں میں کمی کے علاوہ حکومت نے دو پہیوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے تمام صارفین، نیز 800 سی سی تک انجن کی صلاحیت رکھنے والی چار پہیوں والی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی سکیم کے ذریعے بھی ریلیف فراہم کیا۔ اس سکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 1 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ روزانہ مزید افراد اس میں رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عالمی چیلنجز کے باوجود عام آدمی پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔







