انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے آٹھ سالہ باصلاحیت شطرنج کے کھلاڑی عبدالرحمٰن سے ملاقات
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے آٹھ سالہ باصلاحیت شطرنج کے کھلاڑی عبدالرحمٰن سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کوئٹہ، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ سالہ باصلاحیت شطرنج کے کھلاڑی عبدالرحمٰن سے ملاقات کی اور اس کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی، کوچنگ اور مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ننھا عبدالرحمٰن دوسری جماعت کا طالب علم ہے اور کم عمری میں شطرنج کے کھیل میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے ملاقات کے دوران عبدالرحمٰن کو شطرنج کھیلتے اور ماہر کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے دیکھا اور اس کی ذہانت اور صلاحیتوں کی تعریف کی۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ ننھے اور باصلاحیت بچوں سے ملاقات ان کے لیے باعث مسرت ہے۔
ایسے بچوں کی صلاحیتوں کو بروقت پہچاننا اور ان کی سرپرستی کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ننھے عبدالرحمٰن کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کرے گی۔ پاکستان شطرنج فیڈریشن، متعلقہ تنظیموں اور دیگر فورمز پر اس کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی جبکہ اس کے لیے باقاعدہ کوچنگ اور مالی معاونت کا انتظام کیا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ننھے کھلاڑی کو شطرنج کے مختلف مقابلوں میں شرکت کے لیے مکمل مالی معاونت بھی فراہم کرے گی۔ انہیں یقین ہے کہ عبدالرحمٰن ایک دن اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ باصلاحیت بچوں کو دفتر مدعو کرنے کا مقصد مستقبل میں ان کی بھرپور سرپرستی، معاونت اور حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع میسر آسکیں۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ان بچوں کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں متعارف کرانے میں کردار ادا کیا۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے ننھے کھلاڑیوں کو تحائف اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر بچوں نے اسلام آباد پولیس کے مختلف دفاتر کا دورہ بھی کیا اور پولیس کے مختلف امور کی انجام دہی کا مشاہدہ کیا۔







