پنجاب میں گنے سے چینی کی ریکوری تقریباً 10 فیصد تک پہنچ گئی
پنجاب میں گنے سے چینی کی ریکوری تقریباً 10 فیصد تک پہنچ گئی

مزید خبریں
لاہور۔19نومبر (اے پی پی):پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گنے سے چینی کی ریکوری تقریباً 10 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد فصل کرشنگ اور چینی کی پیداوار کے لئے موزوں ہو گئی ہے۔رواں سال پنجاب میں 24 لاکھ 52 ہزار ایکڑ رقبے پر گنا کاشت کیا گیا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔شوگرکین ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ایس آر آئی) فیصل آباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کاشف منیر نے کہا کہ گنے کی نشوونما اور پکنے کے لئے موسمی حالات انتہائی سازگار ہیں کیونکہ دن کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ گیا ہے۔ویلتھ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرشنگ سیزن کے اختتام تک گنے سے چینی کی ریکوری 12.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے جس سے شوگر ملوں کے لئے چینی کی پیداوار مزید منافع بخش ہو جائے گی۔ڈاکٹر کاشف منیر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ شوگر ملیں 10 فیصد سے زیادہ سوکروز کی مقدار رکھنے والے گنے کی کاشت کرنے والے کسانوں کو اضافی قیمت ادا کرنا شروع کریں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے بعض علاقوں میں گنے میں سوکروز کی مقدار نسبتاً کم ہے جس کی ایک بڑی وجہ ڈی اے پی اور پوٹاش کھادوں کا محدود استعمال ہے۔ان کے مطابق اس صورتحال کی بنیادی وجہ کسانوں کو درپیش معاشی مشکلات ہیں۔ فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھادوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کاشتکار پوٹاش پر مبنی کھادوں کے مقابلے میں یوریا کے استعمال پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔ڈاکٹر کاشف منیر نے کہا کہ گنے کی قیمت 500 روپے فی 40 کلوگرام سے کم نہیں ہونی چاہئے کیونکہ فی ایکڑ پیداواری لاگت کم از کم اڑھائی لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متعدد شوگر ملوں نے ایتھانول کی پیداوار کے لئے ڈسٹلریز بھی قائم کر رکھی ہیں جہاں ایتھانول کو بنیادی مصنوعات کے طور پر تیار کیا جاتا ہےجبکہ چینی ضمنی پیداوار کے طور پر حاصل ہوتی ہے۔ شوگرکین ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اگر کوئی شوگر مل مالک یہ شکایت کرتا ہے کہ اس کا کاروبار معاشی طور پر قابل عمل نہیں رہا تو اس کا مؤقف درست نہیں ہے۔دوسری جانب محکمہ خوراک پنجاب کو یقین ہے کہ صوبے کی شوگر ملیں مقررہ شیڈول کے مطابق کرشنگ کا آغاز کر دیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اور کین کمشنر پنجاب محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ محکمہ شوگر ملوں کو کرشنگ شروع کرنے کے لئے مسلسل متحرک کر رہا ہے۔







