اینٹی بائیوٹکس کے خلاف جراثیم کی مزاحمت میں اضافہ، عام انفیکشنز کا علاج مشکل ہونے لگا، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ عام بیکٹیریا میں پہلی ترجیح اور حتیٰ کہ آخری چارہ سمجھی جانے والی اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے، جس کے باعث عام انفیکشنز کا علاج بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق صورتحال 2019ء کے مقابلے میں مزید خراب ہو چکی ہے

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ عام بیکٹیریا میں پہلی ترجیح اور حتیٰ کہ آخری چارہ سمجھی جانے والی اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے، جس کے باعث عام انفیکشنز کا علاج بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق صورتحال 2019ء کے مقابلے میں مزید خراب ہو چکی ہے۔ڈبلیو ایچ او اور یورپی مرکز برائے انسداد و کنٹرول امراض (ای سی ڈی سی) نے یہ انتباہ صحت کی سہولیات، خصوصاً ہسپتالوں میں پائے جانے والے اینٹی بائیوٹکس مزاحم جراثیم کے باعث ہونے والے انفیکشنز میں کمی کے اہداف کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہسپتالوں میں عام پائے جانے والے بیکٹیریا کلیبسیلا نمونیا سے ہونے والے انفیکشنز میں 2019ء سے 2025ء کے دوران پانچ فیصد کمی کے بجائے اندازاً 72 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ای کولی بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشنز میں 10 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم ان میں 16 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق یورپ کے تقریباً نصف ممالک میں کلیبسیلا نمونیا اور ایکینیٹوبیکٹر جیسے عام جراثیم کے کم از کم نصف نمونوں میں اہم اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحمت پائی گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او یورپ میں صحت کے تحفظ کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر مارک الین وِڈووسن نے کہا کہ خطے کے متعدد ممالک میں ہسپتالوں کے سنگین انفیکشنز کے خلاف وہ اینٹی بائیوٹکس بھی مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں جو ڈاکٹر عموماً ابتدائی علاج کے لیے تجویز کرتے ہیں۔ ان ادویات کی ناکامی کی صورت میں ڈاکٹروں کو زیادہ طاقتور ادویات، جنہیں کارباپینیمز کہا جاتا ہے، استعمال کرنا پڑتی ہیں، جو عموماً انتہائی سنگین انفیکشنز کے لیے محفوظ رکھی جاتی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ ادویات بھی غیر مؤثر ہو جائیں تو علاج کے لیے محدود تعداد میں ایسی ادویات باقی رہ جاتی ہیں جو مہنگی ہونے کے ساتھ ہر ملک میں دستیاب بھی نہیں۔ ان کے مطابق جب علاج کی ہر سطح ناکام ہوتی ہے تو مریض کے لیے مؤثر علاج کے امکانات کم ہوتے جاتے ہیں، جبکہ ابتدائی اینٹی بائیوٹک کے غیر مؤثر ہونے سے ہسپتال میں مریض کی موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائزے میں شامل 51 ممالک میں سے 16 ممالک میں اب بھی اینٹی مائیکروبیل مزاحمت سے نمٹنے کے لیے معیاری قومی حکمت عملی اور مربوط نظام موجود نہیں، جس سے عالمی سطح پر اس مسئلے پر قابو پانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

ادارے نے کہا کہ جن ہسپتالوں میں انفیکشن کا سبب بننے والے جراثیم کی شناخت کے لیے خون کے نمونوں کے ٹیسٹ کم کیے جاتے ہیں، وہاں ڈاکٹروں کو اکثر یہ جانے بغیر اینٹی بائیوٹک تجویز کرنا پڑتی ہے کہ کون سی دوا مؤثر ثابت ہوگی۔ اس سے مریضوں کو غیر مؤثر علاج شروع ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، جبکہ قابل اعتماد اعداد و شمار کی عدم دستیابی کے باعث صحت کے نظام کے لیے مزاحمت کے پھیلاؤ اور اس کے تدارک کی کوششوں کی مؤثریت کا جائزہ لینا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔تاہم رپورٹ میں ایک مثبت پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کووڈ۔19 کی وبا کے دوران 2021ء میں بلند ترین سطح پر پہنچنے والے اینٹی بائیوٹکس مزاحم ایکینیٹوبیکٹر کے باعث خون کے انفیکشنز کی تخمینہ شدہ شرح میں تقریباً نصف کمی آئی ہے۔