وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایکسپورٹ فنانسنگ سکیم کا حجم ایک ہزار ارب روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ ہزار ارب روپے کر دیا ہے جس میں سے 300 ارب روپے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مختص کیے گئے ہیں
حکومت نے ایکسپورٹ فنانسنگ سکیم کا حجم ایک ہزار ارب روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ ہزار ارب روپے کر دیا ہے، بلال اظہر کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے ایکسپورٹ فنانسنگ سکیم کا حجم ایک ہزار ارب روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ ہزار ارب روپے کر دیا ہے جس میں سے 300 ارب روپے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔وہ جمعرات کو اسلام آباد میں پرائم انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام چھٹے پاکستان پراسپیریٹی فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سال فورم کا موضوع ’’بحرانوں سے دوچار خطے میں معاشی ترقی‘‘ تھا۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگراموں کے مسلسل چکر سے نکلنے کے لیے برآمدات میں پائیدار اضافہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک برآمدات میں مستقل بنیادوں پر اضافہ نہیں ہوگا، اس وقت تک پائیدار معاشی ترقی کا حصول ممکن نہیں۔انہوں نے بتایا کہ برآمد کنندگان کے لیے 350 ارب روپے کی نئی طویل مدتی فنانسنگ سہولت متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت مشینری کی خریداری کے لیے پہلے دو سال 2 فیصد اور آئندہ آٹھ سال 5 فیصد شرح سود پر قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ برآمدی آمدن پر عائد 0.25 فیصد سرچارج بھی ختم کر دیا گیا ہے۔پاکستان میں آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام دوبارہ حاصل کر لیا ہے تاہم کم شرح نمو کی وجوہات ساختی نوعیت کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں حقیقی فی کس آمدن میں سالانہ تقریباً 1.6 فیصد اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے سرمایہ کاری 13 فیصد سے بھی کم ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ معاشی استحکام ضروری ضرور ہےلیکن صرف اسی سے مطلوبہ ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ماہر اقتصادیات رضوان راوجی نے وسیع ٹیکس نیٹ کے ساتھ ٹیکسوں کی شرح کم کرنے، حکومتی اخراجات میں احتیاط اور سرکاری اداروں کی نجکاری پر زور دیا۔برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی تحقیق کے مطابق پاکستان سالانہ تقریباً 3.8 فیصد تک ہی ترقی برقرار رکھ سکتا ہے، اس سے زیادہ شرح نمو کی صورت میں درآمدات برآمدات سے آگے نکل جاتی ہیں۔جنرل شپنگ ایجنسیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد اے راجپر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے پاکستان کی بندرگاہوں کی اضافی صلاحیت کو اجاگر کیا ہے۔ ان کے مطابق تنازع کے بعد تین ماہ کے دوران گوادر بندرگاہ پر گزشتہ تین سال کے مقابلے میں زیادہ سامان اور بحری جہاز پہنچے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی فروخت کے پہلے مرحلے کی تکمیل جون 2026ء میں ہوئی جس سے 80 ارب روپے کی نئی ایکویٹی حاصل ہوئی جبکہ فروخت سے 10 ارب روپے کی رقم بھی وصول ہوئی۔ ان کے مطابق مزید 90 ارب روپے جون 2027ء میں موصول ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے سکھر تک ایم 6 موٹروے منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جس کے پہلے دو حصوں پر تقریباً 672 ملین ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ یہ منصوبہ 25 سالہ رعایتی معاہدے کے تحت نجی شراکت داروں کے ذریعے تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔محمد علی نے کہا کہ نجکاری کی کامیابی کا پیمانہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت نے کتنے ادارے فروخت کیے بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں پاکستان نے کتنی معاشی قدر پیدا کی۔پرائم انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی سلمان نے معاشی حکمرانی میں پانچ بنیادی اصلاحات تجویز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یہ اقدامات تکنیکی معاونت کے لیے غیر ملکی قرضے لیے بغیر بھی کر سکتا ہے۔ان تجاویز میں پلاننگ کمیشن کی جگہ گروتھ اینڈ ریفارمز کمیشن کا قیام، جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو بغیر کسی استثنا کے یکساں طور پر 5 فیصد تک کم کرنا، وفاقی سیکریٹریوں کو موجودہ تنخواہوں سے کم از کم تین گنا زیادہ معاوضے کے ساتھ تین سالہ معاہدوں پر تعینات کرنا، صوبوں میں کاروباری قوانین کو یکساں بنانا اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا خاتمہ شامل ہے۔
انہوں نے ان اصلاحات کے تحفظ کے لیے 2027ء میں نیا پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز ایکٹ متعارف کرانے کی تجویز بھی دی۔ڈاکٹر علی سلمان کا کہنا تھا کہ معمولی اور بتدریج اصلاحات سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے، اس کے لیے بنیادی نوعیت کی تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔







