خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے ’خپل کور‘ اقدام کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ رہائشی پلاٹ تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو مناسب قیمتوں پر زمین کا مالک بننے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ سکیم خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کرے گی جبکہ صوبائی محکمہ ہاؤسنگ اس کے نفاذ …
خیبر پختونخوا میں ’خپل کور‘ ہاؤسنگ سکیم کے تحت ایک لاکھ سستے پلاٹ فراہم کرنے کا منصوبہ

مزید خبریں
پشاور۔ 19 نومبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے ’خپل کور‘ اقدام کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ رہائشی پلاٹ تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو مناسب قیمتوں پر زمین کا مالک بننے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ سکیم خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کرے گی جبکہ صوبائی محکمہ ہاؤسنگ اس کے نفاذ کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کر رہا ہے۔پہلے مرحلے میں اتھارٹی 5,000 کنال اراضی پر تقریباً 9,073 پلاٹ تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ، وہ تین مختلف مقامات پر اپنی ملکیت کی 677 کنال اراضی پر 2,000 پلاٹ بھی تیار کرے گی۔ان میں سے 500 پلاٹ چارسدہ کے علاقے ڈھیری زرداد میں اور 500 پلاٹ بہرام ڈھیری میں تیار کیے جائیں گے جبکہ بونیر کے علاقے سوواوے میں مزید 1,000 پلاٹ تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔حکومت بقیہ تقریباً 89,000 پلاٹ نجی زمین مالکان کے ساتھ شراکت داری میں، ’کے پی ایچ اے جوائنٹ وینچر ریگولیشنز 2022‘ کے تحت تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اتھارٹی نے زمین مالکان کو دعوت دی ہے کہ وہ اس اسکیم کے لیے اپنی زمین پیش کریں،ہر تجویز میں کم از کم 500 کنال ایسی زمین شامل ہونی چاہیے جو زرعی نہ ہو، آپس میں جڑی ہوئی ہو اور جہاں سڑک تک رسائی اور زیرِ زمین پانی کی سہولیات موجود ہوں۔ مزید برآں زمین کی ملکیت کے دستاویزات واضح ہونے چاہئیں اور اس پر کوئی قانونی تنازعہ زیر التوا نہیں ہونا چاہیے،تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 نومبر 2026 ہے۔حکومت کا ارادہ ہے کہ ’خپل کور‘ کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے اور اس سکیم کا آغاز 180 دنوں کے اندر کر دیا جائے۔اس کے علاوہ حکومت بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ بھی بات چیت کر رہی ہے تاکہ اہل خاندانوں کے لیے مناسب مالی معاونت اور آسان اقساط کی سہولیات کا انتظام کیا جا سکے۔حکومت کی جانب سے ابھی تک اہلیت کی شرائط، پلاٹوں کی قیمتوں، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ادائیگی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔







