جنگ کے طریقے تبدیل ہو چکے، مسلح افواج جدید تقاضوں سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگ کی جہتوں کو بدل دیا ہے تاہم پاکستان کی مسلح افواج جنگ کے نئے رجحانات اور جدید تقاضوں سے بخوبی آگاہ اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں

رسالپور۔19نومبر (اے پی پی):سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے روایتی جنگ کی جہتوں کو بدل دیا ہے تاہم پاکستان کی مسلح افواج جنگ کے نئے رجحانات اور جدید تقاضوں سے بخوبی آگاہ اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں گریجویشن پریڈ کی پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے، وہ کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا کہ مضبوط فضائیہ کے بغیر کوئی ملک دشمن کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی ایک تابناک تاریخ ہے جو اسے ورثے میں ملی ہے اور اس نے بے شمار مواقع پر اپنی شاندار کامیابیوں سے تاریخ رقم کی ہے

جس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کی آج پوری دنیا معترف ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ قوم کا اعتماد افواج پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھی دیرینہ دفاعی شراکت داری قائم ہے۔عصر حاضر کے دفاعی تقاضوں پر روشنی ڈالتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ چیلنجز منفرد انداز میں نمٹنے کے متقاضی ہیں اور جنگیں لڑنے کے طریقوں میں جدت آ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ نے بھی جدت کے میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور اسے مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے جبکہ معرکہ حق میں بھی پاک بحریہ نے دشمن کو جارحیت سے باز رکھا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور خطے میں استحکام پر یقین رکھتا ہے۔