کشمیری اپنی منصفانہ جدوجہدکوہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،حریت کانفرنس

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ایک منصفانہ جدوجہد کر رہے ہیں

سرینگر۔19نومبر (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ایک منصفانہ جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو عالمی سطح پر ایک جائز جدوجہد کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی کشمیریو ں کے حق خود اردیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہےکہ بین الاقوامی قانون کشمیری عوام کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔

ترجمان نے کہاکہ کشمیریوں کی جاری تحریکِ آزادی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہونے تک جاری رہے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوںکوبے انتہامظالم کا نشانہ بنا رہاہے اور وہ حق پرمبنی انکی تحریک کو ایک منظم پروپیگنڈے کے ذریعے دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے، لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو ہرگز دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کی بھرپور حمایت کرے اور جموں و کشمیر میں استصوابِ رائکرانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

 

مزید خبریں