پاکستان اور آسیان کا تجارت، ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے تجارت، ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، سائبر خطرات اور علاقائی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ باہمی تعاون کے وسیع تر غیر استعمال شدہ امکانات کو عملی کامیابیوں میں تبدیل کیا جائے گا

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے تجارت، ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، سائبر خطرات اور علاقائی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ باہمی تعاون کے وسیع تر غیر استعمال شدہ امکانات کو عملی کامیابیوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ پاکستان اور آسیان کے درمیان تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوئوں پر جمعرات کو یہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کائو کم ہورن کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ڈاکٹر کائو کم ہورن پاکستان کے دورے پر ہیں، دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد آسیان کے کسی سیکرٹری جنرل کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں فریق باہمی تعاون کے امکانات کو عملی حقیقت میں تبدیل کرنے کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1993ء سے آسیان کا سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ مستقبل میں آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اپنے چیمبرز آف کامرس اور جامعات کے درمیان قریبی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا ہے، بالخصوص مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، توانائی کی فراہمی میں تعطل اور سائبر خطرات سمیت غیر روایتی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مذاکرات کے دوران نائب وزیراعظم نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو غزہ کی انسانی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے جون 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ انہوں نے تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر غیر موثر بنانے کے اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام 25 کروڑ پاکستانیوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی منظرنامے میں آسیان کا مکالمے اور علاقائی انضمام کو فروغ دینے کا ماڈل پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔انہوں نے آسیان کے رکن ممالک میں مقیم پاکستانی پیشہ ور افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ میزبان ممالک کی ترقی میں قابل قدر کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ محفوظ سمندری راستے اور بلاتعطل سپلائی چینز علاقائی معیشتوں کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کے فروغ کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔اس موقع پر آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کائو کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان مشترکہ طور پر تقریباً 95 کروڑ افراد پر مشتمل ایک بڑی منڈی کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ 2025ء میں ان کی مجموعی معیشت کا حجم 4.6 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء میں پاکستان اور آسیان کے درمیان دوطرفہ اشیائے تجارت کا حجم تقریباً 10.29 ارب ڈالر رہا تاہم دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافے اور فضائی و بندرگاہی روابط کو مزید بہتر بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

آسیان کو دنیا کا تیسرا بڑا تجارتی بلاک قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر کائو کم ہورن نے پاکستان کو تنظیم کی تیزی سے وسعت پاتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ آسیان کی ڈیجیٹل معیشت گزشتہ سال 305 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ مستقبل میں اس کے 2 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کے روشن امکانات کی بھی نشاندہی کی اور اس سلسلہ میں شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے تجربے کا حوالہ دیا۔ اس کے علاوہ حلال صنعت، پائیدار زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور غربت کے خاتمے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہ وہ استعداد کار میں اضافے اور علم و تجربات کے تبادلے کے لیے آسیان کے مراکز اور اداروں سے مزید استفادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ 2028ء میں پاکستان اور آسیان کے درمیان سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے قیام کی 35ویں سالگرہ قریب آرہی ہے اس لیے دونوں فریقوں کے پاس اپنے مضبوط تعلقات کی بنیاد پر مزید ٹھوس تعاون اور عوام کے لیے عملی فوائد حاصل کرنے کا بہترین موقع موجود ہے۔

ڈاکٹر کائو کم ہورن نے آسیان ریجنل فورم اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، پرتشدد انتہا پسندی، انسانی سمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔آسیان کے سیکرٹری جنرل نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کا خیرمقدم کیا اور تمام محاذوں پر فوری طور پر جنگی کارروائیاں بند کرنے کے لیے تنظیم کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں