سیکرٹری لائیوسٹاک کی زیر صدارت فارمنگ فروغ کیلئے ڈیجیٹل آرکائیو کے قیام پر اجلاس کا انعقاد

سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ کی زیر صدارت بھیڑ اور بکریوں کی فارمنگ کے حوالے سے ڈیجیٹل آرکائیو کے قیام و مویشی پال حضرات کے لیے آگاہی و تربیتی مواد کی تیاری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن نے شرکت کی

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ کی زیر صدارت بھیڑ اور بکریوں کی فارمنگ کے حوالے سے ڈیجیٹل آرکائیو کے قیام و مویشی پال حضرات کے لیے آگاہی و تربیتی مواد کی تیاری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کنزرویشن سینٹر فار انڈیجینس بریڈز (RCCIB) جھنگ ڈاکٹر محمد عاصم توصیف نے تفصیلی بریفنگ دی اور مجوزہ ڈیجیٹل آرکائیو کے اغراض و مقاصد، لائحہ عمل اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔مجوزہ ڈیجیٹل آرکائیو میں بھیڑ اور بکریوں کی مختلف نسلوں،افزائش نسل، جینیاتی بہتری، متوازن خوراک، رہائش، صحت کے انتظام، تولیدی عمل، مارکیٹنگ اور فارمنگ کے معاشی پہلوئوں سے متعلق مستند تحقیقی مواد، لٹریچر اور ویڈیوز کو یکجا کیا جائے گا۔

اس اقدام کے تحت مویشی پال حضرات کی ضروریات کے مطابق آگاہی و تربیتی مواد بھی تیار کیا جائے گا، جسے محکمہ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے فارمنگ کمیونٹی تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ بھیڑ اور بکریوں کی پیداوار میں اضافے سے ملکی برآمدات اور زرِ مبادلہ میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں بھیڑ و بکریوں کی مقامی نسلیں گوشت، دودھ اور اون کے حوالے سے اعلی پیداواری خصوصیات کی حامل ہیں، جن کی جینیاتی بہتری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے محکمہ لائیوسٹاک جامع اقدامات کرنے جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک بھیڑ اور بکریوں کی فارمنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مویشی پال حضرات کو بہتر رہنمائی

جدید تحقیق اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ اس شعبے کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ملکی معیشت کو بھی مستحکم کیا جا سکے۔

مزید خبریں