بچوں کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے ، سب کو مل کر گھروں، سکولوں، کام کی جگہوں اور ڈیجیٹل ماحول کو بچوں کے لیے محفوظ بنانا ہوگا، صدر مملکت آصف علی زرداری کا عالمی یوم اطفال پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بچوں کے تحفظ کو مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین اس ضمن میں قومی ذمہ داری کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، سرکاری اداروں، والدین، اساتذہ، معاشرے، سول سوسائٹی، میڈیا، علمائے کرام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مل کر گھروں، سکولوں، کام کی جگہوں اور ڈیجیٹل ماحول کو بچوں کے لیے محفوظ …

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بچوں کے تحفظ کو مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین اس ضمن میں قومی ذمہ داری کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، سرکاری اداروں، والدین، اساتذہ، معاشرے، سول سوسائٹی، میڈیا، علمائے کرام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مل کر گھروں، سکولوں، کام کی جگہوں اور ڈیجیٹل ماحول کو بچوں کے لیے محفوظ بنانا ہوگا، ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں بچے خوف کے بغیر تعلیم حاصل کریں، عزت و وقار کے ساتھ پروان چڑھیں اور امید کے ساتھ اپنے مستقبل کی جانب دیکھ سکیں۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 20 نومبر کو منایا جا رہا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ عالمی یوم اطفال ہمیں ہر بچے کے تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہماری ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہر بچے کو آگے بڑھنے، سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملے۔بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی منظوری کی سالگرہ کے موقع پر یہ دن ریاستوں اور معاشروں سے ہر حال میں بچوں کے حقوق کو برقرار رکھنے پر زور دیتا ہے۔

پاکستان اس کنونشن کا ابتدائی رکن بننے والے ممالک میں شامل تھا اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کا موضوع ’’میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل ‘‘ بچوں کی آواز پر توجہ دینے اور ان کی زندگی پر اثرانداز ہونے والے معاملات میں ان کی رائے کا احترام کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ ان کی تعلیم، تحفظ، صحت اور فلاح و بہبود سے متعلق فیصلوں میں بچوں کی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے۔ بچے آج کے حقوق کے حامل شہری ہیں اور ہماری طرف سے انہیں فراہم کیے جانے والے مواقع ملک کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین اس قومی ذمہ داری کی بنیاد فراہم کرتے ہیں تاہم حقیقی پیمانہ بچوں کی روزمرہ زندگی میں تحفظ، وقار اور مواقع کی فراہمی میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کے خلاف جرائم کا براہ راست مقابلہ کرنا چاہیے ،چائلڈ لیبر، ٹریفکنگ، کم عمری کی شادی، جسمانی تشدد، جنسی زیادتی اور استحصال بچوں کا بچپن چھین لیتے ہیں اور عمر بھر کے لئے ان پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غربت کو کسی صورت بچوں کے استحصال کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ خطرناک کام، جبری مشقت اور غلامی سے پاک حالات کے ساتھ بچوں کا تعلق کلاس رومز اور محفوظ و پرشفقت ماحول سے ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں بچوں کو جنسی شکاریوں سے بھی بچانا چاہیے، خصوصاً ایسے عناصر سے جو خاندانوں، سکولوں، کام کی جگہوں اور اداروں میں اعتماد کے رشتوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر بچوں کو جنسی استحصال کے لیے ورغلانے، جنسی جبر اور بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد کی تیاری، تحویل اور تشہیر کے خلاف مضبوط اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔ ایسی ہر تصویر یا ریکارڈنگ میں کسی بچے کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی عکاسی ہوتی ہے جس کے وقار اور حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر بچے کو تحفظ اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، کسی بچے کو خاموشی سے اذیت برداشت کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی کسی مجرم کو قانون سے بالاتر رہنے کی اجازت ہونی چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کا تحفظ کاغذ پر قوانین سے زیادہ کا متقاضی ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکام کو بچوں کے تحفظ کی خدمات، لیبر انسپکشن اور پولیس، استغاثہ، تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کو مزید موثر بنانا ہوگا۔ شکایات درج کرانے کے طریقہ کار کو آسان، خفیہ اور فوری ردعمل کا حامل بنایا جائے، شکایات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے، پیشہ ورانہ انداز میں بروقت تحقیقات کی جائیں اور قانونی تقاضوں کے مطابق مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مجرموں کی شناخت، بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد کو ہٹانے اور اس کی مزید تشہیر روکنے کے لیے اقدامات کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ تشدد اور استحصال کا شکار بچوں کو فوری تحفظ، طبی نگہداشت، نفسیاتی معاونت اور قانونی مدد فراہم کی جانی چاہیے۔ شکایات، تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے تمام مراحل میں ان کی رازداری اور وقار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ کسی مجرم یا ادارے کی ساکھ بچانے کے لیے کسی بھی بچے کو مورد الزام، ڈرایا یا خاموشی پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاط اور روک تھام بھی یکساں طور پر ضروری ہے۔ سکولوں اور معاشر مقامات پر بچوں کی عمر کے مطابق ذاتی تحفظ، جسمانی حدود اور انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے۔ والدین، اساتذہ اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو استحصال کی علامات پہچاننے، بچوں کی بات تحمل سے سننے اور بروقت مدد حاصل کرنے کے قابل بنایا جائے۔ تعلیم اور سماجی تحفظ تک رسائی میں اضافے سے بھی بچوں کو مشقت، انسانی سمگلنگ اور دیگر اقسام کے استحصال سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سرکاری اداروں، والدین، اساتذہ، معاشرے، سول سوسائٹی، میڈیا، علمائے کرام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مل کر گھروں، سکولوں، کام کی جگہوں اور ڈیجیٹل ماحول کو بچوں کے لیے محفوظ بنانا ہوگا۔ معذوری کا شکار بچوں، غربت میں زندگی گزارنے والے بچوں، سکولوں سے باہر بچوں اور نقل مکانی یا قدرتی آفات سے متاثرہ بچوں پر خصوصی طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عالمی یوم اطفال کے موقع پر آئیے ہم اپنے وعدوں کو تحفظ میں بدلنے کا عزم کریں جسے ہر بچہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں محسوس کر سکتا ہو ۔ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں بچے خوف کے بغیر تعلیم حاصل کریں، عزت و وقار کے ساتھ پروان چڑھیں اور امید کے ساتھ اپنے مستقبل کی جانب دیکھ سکیں۔

 

مزید خبریں