آئی ج پنجاب نے پولیس شہدا کے 41 بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے
آئی ج پنجاب نے پولیس شہدا کے 41 بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے

مزید خبریں
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پولیس شہدا کے بچوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی یقینی بنانے کے لیے 41 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں شہدا پولیس کے وہ بچے شامل ہیں جو سی اے، میڈیکل،آئی ٹی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے مختلف تعلیمی پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس شہدا کے بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈز سے اب تک پولیس شہدا کے372 بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا چکے ہیں،جبکہ رواں سال 168 بچوں کو جدید لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ لیپ ٹاپ طلبہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ انکی صلاحیتوں اور جدید مہارتوں میں اضافے کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے مزید وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے بچوں کو ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم کے حصول کے لیے سکالرشپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ جدید تعلیم اور پیشہ ورانہ میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں لاہور کے 6،سیالکوٹ کے 5،فیصل آباد کے 4،وہاڑی اور بہاولنگر کے 3،3 طلبہ شامل ہیں۔ اسی طرح خانیوال، پنجاب کانسٹیبلری اور ٹریفک پنجاب کے 2، 2 جبکہ شیخوپورہ، راولپنڈی، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال، گجرات، منڈی بہائوالدین اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک، ایک طالب علم کو لیپ ٹاپ فراہم کیا گیا۔مزید برآں ملتان، مظفرگڑھ، لیہ، بہاولپور، سپیشل برانچ اور ٹریننگ پنجاب کے ایک،ایک طالب علم کو بھی لیپ ٹاپ دیئے گئے۔







