آئی جی پنجاب کا جمعہ المبارک پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم
آئی جی پنجاب کا جمعہ المبارک پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم

مزید خبریں
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مساجد،امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مساجد،امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں جبکہ اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر پٹرولنگ بڑھائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔تمام ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نےہدایت کی کہ پولیس افسران نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مساجد میں شہریوں سے ملاقات کریں،ان کے مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کریں۔سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کی دہلیز پر انکے مسائل سن کر ان کے حل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو مزید موثر بنایا جا سکے۔







