پاکستانی ٹیلی کام آپریٹرز یوفون اور ٹیلی نار پاکستان (پی ٹی ایم ایل) کی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم

پاکستانی ٹیلی کام آپریٹرز یوفون اور ٹیلی نار پاکستان (پی ٹی ایم ایل) کی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پاکستانی ٹیلی کام آپریٹرز یوفون اور ٹیلی نار پاکستان (پی ٹی ایم ایل) نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کر لی ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں کم قیمت 5G سمارٹ فونز کے استعمال کو فروغ دینا اور جدید ترین کنیکٹیویٹی تک عام صارفین کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔

شیاؤمی کے نئے اور کم قیمت سمارٹ فون(Redmi 17 5G) کے اجرا پر مبنی اس اشتراک کے تحت صارفین کو مناسب قیمت پر جدید ڈیوائسز کے ساتھ خصوصی بنڈل 5G ڈیٹا آفرز فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں 5G نیٹ ورک کی دستیابی کے باوجود مہنگے سمارٹ فونز کے باعث پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا ہے۔ یہ نیا سمارٹ فون یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی ملک گیر جوائنٹ شاپس کے علاوہ ڈیجیٹل ذرائع سے بھی دستیاب ہوگا۔فنی خصوصیات کے اعتبار سے ریڈمی 17 5G سنیپ ڈریگن 4 جنریشن 5 چپ سیٹ، 7500 ایم اے ایچ طاقتور بیٹری، ڈبلیو ٹربو چارجنگ، 50 میگا پکسل اے آئی کیمرہ، آئی پی 64 پروٹیکشن، این ایف سی اور شیاؤمی ہائپر او ایس 3 سے لیس ہے۔

یہ ڈیوائس اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے سب سکس گیگا ہرٹز (Sub-6GHz) 5G نیٹ ورک سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوگی۔اس اشتراک پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی ایم ایل کے چیف کمرشل آفیسر سید عاطف رضا نے کہا کہ کنیکٹیویٹی کسی مخصوص طبقے کا استحقاق نہیں بلکہ ہر فرد کا بنیادی حق ہے، اور اس شراکت داری کے ذریعے لاکھوں پاکستانیوں کو نہ صرف تیز رفتار انٹرنیٹ بلکہ تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

شیاؤمی پاکستان کے کنٹری منیجر برائن شان نے پاکستان کو اپنی ترجیحی مارکیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیاؤمی کا فلسفہ جدید ٹیکنالوجی کو ہر ایک کی پہنچ میں لانا ہے، اور اس اشتراک سے صارفین کو ایک قابلِ استطاعت اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ڈیجیٹل تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔یہ شراکت داری محض سمارٹ فونز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے تحت شیاؤمی کے انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) ایکو سسٹم، سمارٹ ہومز اور پہنی جانے والی سمارٹ ڈیوائسز کو بھی ٹیلی کام نیٹ ورکس کے ساتھ یکجا کیا جائے گا تاکہ ملک میں ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

مزید خبریں