چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنکاک میں تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات کی جس دوران پاکستان اور تھائی لینڈ کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت اور ثقافتی تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور قریبی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو دونوں اقوام کے درمیان گہری دوستی اور باہمی اعتماد کی عکاس ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ دوطرفہ اور آسیان کے تناظر میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاریخی روابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام تھائی لینڈ کے آنجہانی بادشاہ بھومی بول ادولیادیج اور ملکہ مدر سیرکت کے 1962ء کے دورہ پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے تھائی ولی عہد مہا وجیرالونگ کورن کے پاکستان کے تین دوروں اور شہزادی مہا چکری سریندھورن کے 2012ء کے دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے 20 اکتوبر 2026ء کو تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے اور پاکستان ان کے دورے کا منتظر ہے۔ انہوں نے پارلیمانی روابط کے فروغ پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ آف پاکستان میں تھائی لینڈ پاکستان دوستی گروپ قائم کیا گیا ہے جبکہ تھائی لینڈ نے بھی دونوں ایوانوں کے آٹھ اراکین پر مشتمل مشترکہ پارلیمانی دوستی کمیٹی تشکیل دی ہے،دونوں گروپس کے درمیان باقاعدہ روابط پارلیمانی سفارت کاری اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے تھائی لینڈ کے صدر سینیٹ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تھائی لینڈ کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، مالی سال 2025-26ء میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 1.59 ارب امریکی ڈالر رہا جس میں پاکستان کی برآمدات 297 ملین ڈالر جبکہ تھائی لینڈ سے درآمدات 1.31 ارب ڈالر تھیں۔ انہوں نے تھائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے غذائی مصنوعات کی تیاری، سمندری خوراک، قیمتی پتھروں و زیورات اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع تھائی لینڈ کو وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ، افریقا اور یورپ کی منڈیوں تک رسائی کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے تھائی لینڈ میں تعمیراتی اور صنعتی شعبوں کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کی کم ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت سے استفادہ کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا گندھارا تہذیبی ورثہ دونوں ممالک کے درمیان اہم تاریخی اور ثقافتی رشتہ ہے، پاکستانی سفارتخانہ تھائی وزارتِ ثقافت کے تعاون سے 2027ء میں بنکاک میں گندھارا بدھ مت کے نوادرات کی نمائش کے انعقاد پر کام کر رہا ہے جس سے تھائی عوام کو پاکستان کے تاریخی ورثے سے آگاہ ہونے کا موقع ملے گا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے تھائی ہم منصب کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے مقاصد اور سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ یہ فورم پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے عالمی امن، تعاون اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے، اس کے دو اجلاس پاکستان اور کمبوڈیا میں منعقد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں تھائی لینڈ کی فعال شرکت اور تعاون کی امید ظاہر کی۔تھائی لینڈ کے صدر سینیٹ نے چیئرمین سینیٹ کے پارلیمانی سفارت کاری کے وژن کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی سینیٹس کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امن، علاقائی استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں تھائی لینڈ کے صدر سینیٹ نے چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔







