ترکیہ کا جدید تحقیقی بحری جہاز دونوں ملکوں کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور بے مثال اعتماد کی نمایاں علامت ہے، باہمی تعلقات ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں،علی پرویز ملک

ترکیہ کا جدید تحقیقی بحری جہاز دونوں ملکوں کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور بے مثال اعتماد کی نمایاں علامت ہے، باہمی تعلقات ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں،علی پرویز ملک

کراچی۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ترکیہ کا سیسمک بحری جہاز’’ اورچ رئیس ‘‘نہ صرف ایک جدید تحقیقی جہاز ہے بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور بے مثال اعتماد کی نمایاں علامت بھی ہے، جہاز کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش میں معاون ثابت ہوگا، امید ہے کہ ڈیٹا حاصل کرنے اور اس کی تشریح کا عمل 6 ماہ میں مکمل ہونے کے بعد اگلے سال کے آغاز میں ڈرلنگ آپریشنز شروع ہو جائیں گے، دونوں ممالک کے تعلقات اب ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔جمعہ کوترکیہ کے سیسمک ریسرچ ویسل کی پاکستان آمد پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے جہاز اور اس کے عملے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کی آمد پاکستان کےسندھ طاس کی سرگرمیوں کی تاریخی بحالی کا آغاز ہے، یہ محض ایک جہاز کی آمد نہیں بلکہ معاہدوں کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے اور مشترکہ وژن کو عملی شکل دینے کا لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تعاون وحدتین پیلس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں ہونے والی بات چیت اور معاہدوں کا نتیجہ ہے ۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گہرے اقتصادی تعاون، تکنیکی شراکت داری اور مشترکہ خوشحالی کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں، اورچ رئیس کا سفر ترکیہ کے علم و صلاحیت، پاکستان کی امنگوں اور دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عملی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سمندری بیسنز میں نمایاں ارضیاتی امکانات موجود ہیں تاہم وسیع علاقے اب بھی غیر دریافت شدہ ہیں، ان علاقوں میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، مسلسل سرمایہ کاری اور تلاش کا عزم ضروری ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرپرستی اور نائب وزیراعظم کی ذاتی نگرانی میں حکومت نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں ،تقریباً دو دہائیوں کے وقفے کے بعد پاکستان میں سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کی بحالی ایک اہم پیش رفت ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریباً دو دہائیوں کے وقفے کے بعد آف شور بلاکس کے لیے مسابقتی بولی کا عمل شروع کیا گیا جس کے دوران 23بلاکس کے لیے بولیاں موصول ہوئیں جن کا مجموعی رقبہ 50 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ ہے یہ پاکستان کے اپ سٹریم شعبے پر اعتماد کی بحالی کا واضح اشارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی شرکت دونوں ممالک کے تعاون میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے، تین آف شور اور دو آن شور بلاکس سے متعلق معاہدوں کے ذریعے پٹرولیم کے شعبے میں تعاون نمایاں طور پر وسعت اختیار کر چکا ہے، ایسٹرن آف شور انڈس بلاک سی میں ٹی پی اے او کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ترکیش پٹرولیم 25 فیصد حصص کے ساتھ آپریٹر ہے جبکہ پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل اور ماری انرجیز بھی اس منصوبے میں شریک ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ اورچ رئیس کی آمد پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری کو وعدوں سے عملی اقدامات کی جانب لے جا رہی ہے، جہاز کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا زیرِ زمین ارضیاتی ساخت کی زیادہ واضح تصویر فراہم کرے گا، ارضیاتی اور ڈرلنگ سے متعلق غیر یقینی صورتحال کم کرے گا اور مستقبل کے تلاش کے پروگراموں کی بنیاد بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش ایک پیچیدہ، خطیر سرمایہ کاری اور غیر یقینی صورتحال پر مبنی عمل ہے، تاہم قومیں اپنے توانائی کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے قدرتی وسائل کو غیر دریافت شدہ نہیں چھوڑتیں، اس مقصد کے لیے قابلِ اعتمادپالیسیاں، باصلاحیت شراکت دار، عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سوچ سمجھ کر کیے گئے فیصلے ضروری ہیں، یہ سروے ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان اس مقصد کے لیے تیار ہے۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ ڈیٹا حاصل کرنے اور اس کی تشریح کا عمل ترکیہ کے وزیر توانائی الپر سلان بیرکتار کی ذاتی نگرانی میں چھ ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد ان شاء اللہ آئندہ سال کے آغاز میں ڈرلنگ آپریشنز شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کا تحفظ اس کے معاشی تحفظ سے جڑا ہوا ہے اور مقامی وسائل کی ترقی کے لیے ہر کوشش بیرونی انحصار اور خطرات کو کم کرنے کے ساتھ معیشت کو مضبوط بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی تنازعے کے دوران وزیر اعظم کی حمایت، نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذاتی کوششوں سےگزشتہ چھ ماہ کے دوران ایندھن کی قلت یا سپلائی ختم ہونے کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا، آبنائے ہرمز کے بحران نےپاکستان کے توانائی کے تحفظ کے پورے نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کے عزم کو مزید مضبوط کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنے تجارتی ذخائر کو وسعت دینے، مقامی صلاحیتوں میں اضافے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے تاکہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیےتوانائی کی تمام اقسام درآمد کرنے میں ضروری عملی لچک حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے آف شور بیسنز کی تلاش کے لیے جہاز فراہم کرنے پر ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے تعاون سے متعدد ترک کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں کام کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے تاکہ ان کمپنیوں کو پاکستان میں لایا جا سکے اور ملکی کوششوں میں ان کا تعاون حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اوروزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان طے پانے والے وعدے کو عملی شکل دینے میں تعاون کیا۔ اروچ رئیس کے کپتان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جہاز نہ صرف ایک جدید تحقیقی جہاز ہے بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعتماد کی نمایاں علامت بھی ہے۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جہاز کے مشن کے دوران حاصل ہونے والا ڈیٹا پاکستان کےسمندری پانیوں کے نیچے موجود وسائل کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان علم اور معلومات کا تبادلہ عوام کو مضبوط بنائے گا اور پاکستان و ترکیہ کے تعلقات امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ افق کی جانب آگے بڑھتے رہیں گے۔

مزید خبریں