ملک میں حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو موثر بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے،وزیر مملکت برائے صحت

وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ ملک میں حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو موثر، مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ ملک میں حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو موثر، مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو مضبوط بنانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان میں 2026 کے دوران پولیو وائرس کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،ملک میں 81.3 فیصد بچوں کو مکمل حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگراموں میں موثر ہم آہنگی پیدا کرکے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کی مسلسل منتقلی کے خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم بچوں تک رسائی کے لیے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) اور انسدادِ پولیو پروگرام مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، بالخصوص پسماندہ علاقوں، شہری کچی آبادیوں اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پولیو پروگرام کے وسیع فیلڈ نیٹ ورک سے فائدہ اٹھا کر معمول کے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ زیرو ڈوز بچوں کی رجسٹریشن نیشنل الیکٹرانک امیونائزیشن رجسٹری میں کی جائے تاکہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم بچوں کی موثر شناخت اور ان تک رسائی ممکن ہو۔انہوں نےکہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو طویل المدتی بنیادوں پر پائیدار بنانے کے لیے مناسب افرادی قوت، ضروری وسائل اور مقامی سطح پر استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے، جبکہ ایک مضبوط اور پائیدار حفاظتی ٹیکوں کا نظام قائم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے ہر بچے کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکتا ہے۔

 

مزید خبریں