جامعات کی تحقیقی صلاحیتوں، تکنیکی مہارت اور جدید اختراعات سے فائدہ اٹھا کر مقامی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے، سردار عثمان غنی

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے کہا ہے کہ لاہور کی معاشی ترقی، چھوٹی صنعتوں کی ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط اور مو ثر اشتراکِ عمل ناگزیر ہے

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے کہا ہے کہ لاہور کی معاشی ترقی، چھوٹی صنعتوں کی ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط اور مو ثر اشتراکِ عمل ناگزیر ہے۔ جامعات کی تحقیقی صلاحیتوں، تکنیکی مہارت اور جدید اختراعات سے فائدہ اٹھا کر مقامی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ہیڈ آف انکیوبیشن فرحان ریاض سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور طویل عرصے سے پاکستان کی معیشت کا اہم مرکز رہا ہے تاہم چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو جدید ٹیکنالوجی، جدید مشینری اور ادارہ جاتی معاونت کی فوری ضرورت ہے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مسابقت برقرار رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی جیسے تعلیمی ادارے اپنی تحقیقی صلاحیتوں اور تکنیکی مہارت کے ذریعے صنعتی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان تعاون محض رسمی ملاقاتوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ایسے مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں جن کے بہترین معاشی نتائج سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتیں لاہور کی معیشت اور روزگار کی فراہمی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں تاہم متعدد صنعتی ادارے اب بھی پرانی مشینری اور روایتی پیداواری طریقوں پر انحصار کر رہے ہیں۔ جامعات اور صنعتوں کے درمیان روابط مضبوط ہونے سے نہ صرف پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ مصنوعات کا معیار بہتر بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی میں بھی مدد ملے گی۔

اس موقع پر فرحان ریاض نے یونیورسٹی کے انکیوبیشن پروگرامز، جدت و اختراع کے فروغ اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری حل کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے انکیوبیشن سینٹرز نئے کاروباری منصوبوں اور نوجوان اختراع کاروں کی معاونت کے ساتھ انہیں صنعتی شعبے سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور کا انکیوبیشن نظام تعلیمی تحقیق اور صنعتی ضروریات کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انکیوبیشن پروگرام کے تحت کام کرنے والے اسٹارٹ اپس اور نوجوان اختراع کار بالخصوص چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے حقیقی مسائل کے کم لاگت اور جدید تکنیکی حل فراہم کرنے میں مو ثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔