سپریم کورٹ نے بچیوں کو جنسی ہراساں کرنے والے وین ڈرائیور کی سزا کے خلاف درخواست مسترد کر دی، 14 سال قید برقرار

سپریم کورٹ نے دو کمسن بچیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے وین ڈرائیور حمید خان کی سزا کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی اور ملزم کو سنائی گئی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔دوران سماعت جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کو تو پہلے ہی کم سزا ملی ہے، بچیوں کا …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):سپریم کورٹ نے دو کمسن بچیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے وین ڈرائیور حمید خان کی سزا کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی اور ملزم کو سنائی گئی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔دوران سماعت جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کو تو پہلے ہی کم سزا ملی ہے، بچیوں کا مستقبل تباہ ہو جاتا ہے، ان کے رشتہ دار اور دیگر سینکڑوں لوگ بھی باتیں کرتے ہیں کہ بچیاں ہی خراب تھیں۔

جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہا کہ جن بچیوں کے گھر والوں نے درخواست گزار کو ڈرائیور رکھا، وہ انہی بچیوں کے ساتھ ایسی حرکتیں کر رہا تھا۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 میں سزائے موت بھی موجود ہے، درخواست گزار پورا کامیاب نہیں ہوا لیکن اس نے کوشش ضرور کی، اللہ معاف کرے۔ اگر ملزم کے کہنے پر فیصلے کرنا شروع کر دیں تو ساری جیلیں خالی ہو جائیں گی۔جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے کہ الزام کی نوعیت دیکھیں، کیا کسی کے کوشش کرنے کی ویڈیو بنائی جاتی؟درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سات سال سے جیل میں ہے، باقی سزا معاف کرکے اسے رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

وکیل نے مزید کہا کہ ملزم وقوعہ کے روز جائے وقوعہ پر گیا ہی نہیں تھا اور سیف سٹی کیمروں کی ویڈیو بھی نہیں منگوائی گئی۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ استغاثہ شک و شبہ سے بالاتر ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ دونوں بچیوں کے بیانات میں درخواست گزار کے خلاف کسی قسم کی دشمنی یا بدنیتی بھی ثابت نہیں ہوئی۔عدالت نے ملزم کی سزا کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی اور ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی۔