وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،کئی اہم فیصلوں کی منظوری

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کووفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ نے قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی سی) اور بحرین نیوز ایجنسی (بی این اے) کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی۔ کابینہ نے احترام رمضان (ترمیم) بل 2017ءکی خلاف ورزی پر سزائیں بڑھانے کیلئے کابینہ کمیٹی …

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کووفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ نے قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی سی) اور بحرین نیوز ایجنسی (بی این اے) کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی۔ کابینہ نے احترام رمضان (ترمیم) بل 2017ءکی خلاف ورزی پر سزائیں بڑھانے کیلئے کابینہ کمیٹی کی سفارش کی توثیق کر دی جس کے تحت روزہ کے دوران تمام سینما اور تھیٹرز بند رکھے جائیں گے۔ کابینہ نے زرعی، تجارتی اور صنعتی قرضوں سے متعلق ترمیمی سفارش کی توثیق موخر کر دی۔ کابینہ نے معاملہ پر غور کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی اور دو ہفتے میں تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قرضہ جات سے متعلق کمیٹی کی سربراہی وزیر نجکاری دانیال عزیز کریں گے جبکہ وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ کابینہ نے ایف آئی اے ایکٹ 1974ءکے شیڈول میں ترمیم کی بھی منظوری دےدی۔ ترمیم کے بعد سائبر، الیکٹرانک اور آئی ٹی کے ذریعے جرائم شیڈول میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں سی ای او/ایم ڈی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔