وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خاں کا فیصل آباد چیمبر سے خطاب

فیصل آباد۔17 فروری(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خاں نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2018-19 بزنس فرینڈلی ہوگا اور کوشش کی جائیگی کہ اس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے۔ ہفتہ کو یہاں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بجٹ تجاویز کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کو بیک وقت بہت سے …

فیصل آباد۔17 فروری(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خاں نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2018-19 بزنس فرینڈلی ہوگا اور کوشش کی جائیگی کہ اس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے۔ ہفتہ کو یہاں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بجٹ تجاویز کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کو بیک وقت بہت سے محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومت کی کوشش ہوگی کہ معاشی دباو سے نکلنے کے بعد بھی معاشی ترقی کے موجودہ تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ صنعتی ترقی سے ہی ملک کی بزنس کمیونٹی اور پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ اس لئے وہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں کراچی ، سکھر اور پشاور سمیت ملک کے دیگراہم شہروں کے تمام سیکٹرز کے مسائل اور تجاویز پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں وقتی فائدہ کو مد نظر نہیں رکھیں گے۔ اس سلسلہ میں بجٹ اس سوچ کے ساتھ بنایا جا رہا ہے کہ آئندہ حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی ہوگی اور وہ اس کیلئے مشکل معاشی صورتحال پیدا نہیں کرنا چاہتے ۔ رانا افضل نے کہا کہ ہر سیاسی حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ نئے ٹیکس نہ لگیں بلکہ پرانے ٹیکسوں کی بہتر وصولی سے ہی زیادہ وسائل پیدا کئے جائیںلہٰذا ہماری بھی یہی کوشش ہوگی۔