وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی چینی سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات میں بات چیت

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ فلم، میڈیا، ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، چینی صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ انشی ایٹو ثقافتی رابطوں کے قیام میں معاون ثابت ہو گا اور اس سے دونوں ممالک کے علاوہ …

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ فلم، میڈیا، ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، چینی صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ انشی ایٹو ثقافتی رابطوں کے قیام میں معاون ثابت ہو گا اور اس سے دونوں ممالک کے علاوہ پورے خطہ کے لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ وہ منگل کو پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات میں بات چیت کر رہی تھیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہر آزمائش پر پورا اترنے والے اپنے دوست چین کے ساتھ منفرد تعلقات کی بڑی قدر کرتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ایک تاریخ ہے جس کی بنیاد ان کے آباﺅ اجداد نے رکھی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے استحکام کیلئے ایک دوسرے کی ثقافت، اقدار اور ورثہ کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی متنوع ثقافت، کثیر النسلی اور کثیر اللسانی معاشرے کے ساتھ ثقافت اور سیاحت کے شعبہ میں تعاون کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان فنکاروں، فلم، ٹی وی ڈراموں و سیریلز اور فنون و دستکاریوں کے مسلسل تبادلے کے ذریعے سی پیک کو ثقافتی راہداری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان ثقافتی معاہدے پر دستخط کرنے کے انتظامی پروگرام سے بالخصوص ثقافتی تبادلوں و تعاون کے شعبہ میں اختراع و ایجادات کیلئے متعدد مراعات میسر آ سکیں گی۔