وفاقی وزیر سینیٹر حاصل خان بزنجو ، سینیٹر مشاہد حسین سیّد،یاسین آزاد اور دیگر مقررین کا سیمینار سے خطاب

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سیاسی قوتوں اور اداروں کے درمیان اعتماد سازی کی اشد ضرورت ہے،پاکستان کے مسائل کو ایک شخص، حکومت یا ادارہ حل نہیں کر سکتا، حالات میں بہتری ووٹ کے تقدس سے آئے گی۔ منگل کو یہاں نیشنل لائبریری میں ”ووٹ کو تقدس دو“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے …

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سیاسی قوتوں اور اداروں کے درمیان اعتماد سازی کی اشد ضرورت ہے،پاکستان کے مسائل کو ایک شخص، حکومت یا ادارہ حل نہیں کر سکتا، حالات میں بہتری ووٹ کے تقدس سے آئے گی۔ منگل کو یہاں نیشنل لائبریری میں ”ووٹ کو تقدس دو“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ وفاقی وزیر سینیٹر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ بدقسمتی سے ریاست جن جن مسائل کا شکار ہے اس کا ادراک بہت کم لوگوں کو ہے، ہم نے پورے معاشرے کو تقسیم کر دیا ہے، عالمی سطح پر ریاست پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے مگر ہم صرف نواز شریف کے اقامہ کی بات کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے آ کر ساری سیاست کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے، پارلیمنٹ کی سب سے بدصورت شکل بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اداروں کے درمیان غلط فہمیاں اور اعتماد کا فقدان بڑھ رہا ہے۔ اداروں اور سیاسی قوتوں کے درمیان اعتماد سازی کی اشد ضرورت ہے، ہمیں مل کر یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر منصوبہ ہے، یہ پاکستان اور ملک کے عوام کا مستقبل ہے، آپریشن ضرب عضب سے امن آیا، کراچی کا پورا ماحول بدل گیا ہے جس کیلئے ہم نواز شریف کے شکر گزار ہیں، پاکستان جمہوری انداز میں قائم ہوا۔