پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے سائنسدانوں نے ملکى وسائل سے پہلا آئى سى یو وینٹى لیٹر تیار کر لیا، ڈریپ نے استعمال اور تیاری کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):پاکستان ایٹمى توانائى کمیشن (پی اے ای سی)نے قومی توقعات پر ہمیشہ کى طرح پورا اترتے ہوئے کورونا کى وبا کے تناظر میں ملکی وسائل سے تیار کردہ پہلا آئی سی یو و ینٹى لیٹر آئی لیو (i-Live)کے نام سے متعارف کرا دیا ہے، ڈریپ نے اس وینٹى لیٹرکے استعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے ۔

بدھ کو پی اے ای سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ و ینٹى لیٹر پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے مقامى وسائل سے تمام تر مروجہ طبى معیارات کےمطابق تیار کیا ہے، اس سلسلہ میں پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرزنے بھى قابل قدر رہنمائی فراہم کى۔ بہت سى سائنسى جانچ کے علاوہ یہ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر (پی آئی ٹی سی)اور پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)کے معیارات پر بھى پورا اترا ہے۔

اس وینٹیلیٹرمشین پر جناح ہسپتال لاہور میں بھى جانچ کى گئى ۔ اس جانچ میں بہت سے ماہرین جن میں طبى ماہرین اور بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو میڈیکل انجینئرز شامل تھے، نے اس کو کامیاب قرار ديا ہے۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ترجمان شاہد ریاض خان نے بتایا کہ ڈریپ نے ایٹمی توانائی کمیشن کے تیار کردہ اس وینٹى لیٹرکے استعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے اور اس طرح یہ ملک میں تیار کردہ پہلا وینٹیلیٹر ہےجسے ڈریپ نے منظور کیا ہے۔ اس موقع پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے سربراہ محمد نعیم (ہلال امتیاز ۔

ستارہ امتیاز ) نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ڈریپ کی اس فائنل منظورى کے بعد I-Live نامى اس و ینٹى لیٹر کى بڑے پیمانے پر تیارى شروع کردى جائے گى تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں مریضوں کو جلد از جلد یہ سہولت مہیا کى جاسکے۔