اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) سال2020ء میں پاکستان کی برآمدات 32.5 ارب ڈالر تک بڑھنے جبکہ جاری کھاتوں کا خسارہ مجموعی قومی پیداوار ( جی ڈی پی) کے 2.6 فیصد تک کم ہونے کی توقع ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق رواں سال 2019ء میں قومی برآمدات کا حجم 30.2 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے جبکہ 2020ء میں برآمدات کا حجم 32.5 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گا۔ دوسری جانب آئندہ سال میں درآمدات 59.5 ارب ڈالر تک کم ہو جائیں گی جبکہ سال رواں میں درآمدات کا حجم 62.9 ارب ڈالر تک کم ہو جانے کی امید ہے۔ سال 2018ء کے دوران پاکستان نے 67.8 ارب ڈالر کی درآمدات کی تھیں۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں جی ڈی پی کے تناسب سے جاری کھاتوں کا ملکی خسارہ 2.6 فیصد تک کم ہونے کی قوی امید ہے جبکہ 2019ء کے دوران اس کا تناسب 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ سال 2018ء میں جاری کھاتوں کا ملکی خسارہ جی ڈی پی کے 5.4 فیصد تک رہا تھا۔