کینبرا۔1اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے مسلم امور کے عالمی ماہرآفتاب ملک کو خصوصی ایلچی مقرر کر دیا ہے۔شنہوا کے مطابق آسٹریلوی وزیر اعظم نے گزشتہ رات اعلان کیا کہ برطانوی ۔آسٹریلوی آفتاب ملک جنہیں اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشنز ( تہذیبوں کے اتحاد )نے مسلم امور کے عالمی ماہر کے طور پر تسلیم کیا ہے)، کو حکومت کا اسلامو فوبیا کا ایلچی مقرر کیا گیاہے،ان کی تقرری جولائی میں جلیان سیگل کو یہود دشمنی سے نمٹنے کے لئے سفیر کے طور پر مقرر کیے جانے کے تقریباً تین ماہ بعد عمل میں آئی ہے۔
آسٹریلوی وزیر اعظم نے وزیر داخلہ، امیگریشن اور کثیر الثقافتی امور کے وزیر ٹونی برک کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خصوصی ایلچی مسلم کمیونٹی کے ارکان، مذہبی امتیاز کے ماہرین اور حکومتوں کے ساتھ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے بہترین طریقوں پر بات کریں گے۔ آفتاب ملک کو 14 اکتوبر سے شروع ہونے والی تین سالہ مدت پر تعینات کیا گیا ہے اور وہ براہ راست وزیر اعظم انتھونی البانی اور وزیر داخلہ ٹونی برک کو رپورٹ کریں گے۔ واضح رہے کہ آفتاب ملک برطانیہ میں پاکستانی خاندان کے ہاں پیدا ہوئے اور 2012 میں آسٹریلیا ہجرت کر گئے جہاں انہوں نے ہم آہنگی کو فروغ دینے اور نفرت اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستی حکومت میں کام کیا۔